گھوسٹ ملازمین کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا افسران و ملازمین اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے وقت کی پابندی کے ساتھ اپنی حاضری کو سو فیصد یقینی بنائیں،سید شجاعت حسین

بدھ 27 مارچ 2024 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے خصوصی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر میں بائیو میٹرک سسٹم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی نے بائیو میٹرک سسٹم کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ترقیات کراچی کے تمام افسران وملازمین کی حاضری بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعہ کی جارہی ہے، مذکورہ سسٹم سے غیر حاضر اور تاخیر سے دفتر آنے والے افسران و ملازمین کی شناخت با آسانی ہوجاتی ہے۔

اس وقت سوک سینٹر بلڈنگ کے مختلف مقامات پر نصب بائیو میٹرک سسٹم کی 4 مشینیں غیر فعال ہیں۔ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی اور ممبر ایڈمنسٹریشن نوید انور کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر فعال بائیو میٹرک مشینوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے جبکہ مسلسل غیر حاضر افسران و ملازمین کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے، ادارہ ترقیات کراچی میں گھوسٹ ملازمین کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا افسران و ملازمین اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے وقت کی پابندی کے ساتھ اپنی حاضری کو سو فیصد یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ادارہ ترقیات کراچی کے مختلف شعبہ جات کے دورہ کے موقع پر ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کو پابند کیا کہ دفتری امور میں مزید بہتری لائی جائے۔بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے سوک سینٹر میں قائم انٹرنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا بھی معائنہ کیا اور چیف سیکورٹی آفیسر (ر) میجر عمران کو احکامات دیئے کہ سوک سینٹر بلڈنگ کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی کے انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے۔

انہوں نے چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع کو ہدایت جاری کی کہ سوک سینٹر اور سوک سینٹر کے اطراف بیوٹی فکیشن کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے جبکہ صفائی و ستھرائی کے انتظامات کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے۔ دورہ کے موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ممبر ایڈمنسٹریشن نوید انور، چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی و دیگر افسران موجود تھے۔ #

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں