کاروباری شخصیت عارف حبیب کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

میں چاہتا ہوںایک ہاتھ آپ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں اور دوسرا ہاتھ آپ اڈیالہ کے باسیوں سے ملائیں،عارف حبیب وقت آگیا رینٹل بزنس مائنڈ سے باہر نکلیں اور محنت کریں، ہمیں پیداوار کو بڑھانا ہے اور معیار کو بہتر کرنا ہے،شہباز شریف کی کاروباری شخصیات سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2024 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب نے معاشی استحکام کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز دے دی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعظم شہباز شریف نے تاجر برادری سے گفتگو کی اس دوران کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے اسٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا ہے۔

عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں آپ دو ہاتھ اور ملائیں ایک ہاتھ آپ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں اور دوسرا ہاتھ آپ اڈیالہ کے باسیوں سے ملائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جن مسائل پر فی الفور ایکشن لینا ہے ضرور لیں گے، گارنٹی دیتا ہوں کہ اداروں کی نجکاری انتہائی شفاف ہوگی، نجکاری سے متعلق آپ باہر سے اچھی کمپنیاں لے کر آئیں، تاجر آگے بڑھیں، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں بلکہ پالیسی دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ رینٹل بزنس مائنڈ سے باہر نکلیں اور محنت کریں، ہمیں پیداوار کو بڑھانا ہے اور معیار کو بہتر کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں بھی ڈیجیٹلائزیشن ہونے جارہی ہے، وزارتوں میں ورلڈ کلاس ماہرین کو لے کر آرہے ہیں، چند دنوں میں سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ ملک میں سرمایہ کاری لائیں روزگار فراہم کریں، حکومت پالیسی بنائے گی، 2700 ارب روپے کے ہمارے کیسز مختلف وجوہات کے باعث عدالتوں میں پھنسے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی برس گزر گئے دونوں پارٹیوں کے وکلا ملے ہوئے ہیں صرف تاریخیں لیتے ہیں، کیا طریقہ ہے، دوسری طرف قرضوں کے پہاڑ تلے ہم دب چکے ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہے قرضوں کے انبار میں جینا ہے یا عزت و وقار کی زندگی بسر کرنی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں