&جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت ’’یکجہتی غز ہ ریلی ‘‘ کا انعقاد ،ْ اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت

۷دنیا کو جمہوریت، امن اور رواداری کا درس دینے والے فلسطین میں تماشا دیکھ رہے ہیں ،ْ منعم ظفر کا ریلی سے خطاب ریلی میں مسیحی، ہندو و سکھ برادری سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں شرکت کی ،ْ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھاکر احتجاج کیا ،ْ نعرے لگائے /ریلی سے نائب امیر کراچی و نگراں منارٹی ونگ مسلم پرویز ،صدر منارٹی ونگ یونس سوہن ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا

منگل 14 مئی 2024 22:25

kکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت کے خلاف اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے تحت منگل کے روز فوارہ چوک نزدٹرینٹی چرچ، تا پریس کلب ’’یکجہتی غزہ ریلی‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں مسیحی، ہندو و سکھ برادری سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھاکر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا اوراسرائیلی دہشت گردی وجارحیت کی مذمت کی ۔

ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان،نائب امیر کراچی و نگراں منارٹی ونگ مسلم پرویزاور صدر منارٹی ونگ جماعت اسلامی کراچی یونس سوہن ایڈوکیٹ نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے ایک بڑا بینر اٹھایا ہوا تھا جس پر STOP GENOCIDE IN GAZZAتحریر تھا۔

(جاری ہے)

ریلی میں منارٹی ونگ کے نائب صدر سیموئیل نذیر، جنرل سکریٹری پرویز برکت، پاسٹر کاشف، ساجن ڈلوان، انیل سنگھ، پادری طارق، منور مسیح، اجیت سنگھ ،ہندو برادری کے میگھ جی ودیگر بھی موجود تھے ۔

کراچی پریس کلب پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ دنیا کو جمہوریت، امن اور رواداری کا درس دینے والے فلسطین میں تماشا دیکھ رہے ہیں ،امریکی سرپرستی میں اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت کو 7 ماہ سے زائد کا وقت گزر گیا، 35ہزار سے زائد افراد شہید کردیے گئے جن میں سے 25 ہزار خواتین اور بچے شامل ہیں۔بڑی طاقتیں یہ بات سمجھ لیں کہ اب اسرائیل کو غزہ سے نکلنا ہوگا۔

امریکہ کی چالیس بڑی جامعات میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کیے جارہے ہیں۔دنیا کے ہر مہذب انسان کی زبان میں Free Free Palestine کے نعرے عام ہیں۔اسرائیل فوری طور پر فلسطین میں جنگ بندی کرے۔فلسطین میں جنگ بندی کے لیے مسلم امہ کے حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے اور اسلحہ فراہم کررہا ہے۔

مسلم دنیا کے حکمران بھی اسرائیل کو مکمل سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔اقوام متحدہ کی قراردادوں پرامریکہ ویٹو کرتا رہا۔اقوام متحدہ کی قراردادوں میں پہلے جنوبی افریقہ نے قرارداد جمع کروائی۔اہل غزہ کی جنگ ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے۔ایک طرف وہ لوگ ہیں جن پر بمباری کی جارہی ہے۔جنگ عظیم دوم کے بعد فلسطین میں ہزاروں بم برسائے گئے۔ان سب کے باوجود اہل غزہ و فلسطین کے عوام جرات کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ آج پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت اقلیتی برادری کی جانب سے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کی پوری اقلیتی برادری اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہے ۔ریلی سے مسلم پرویز ، یونس سوہن ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں