عثمان مختار کی ایوارڈ یافتہ مختصر فلم 'بینچ' یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی، شائقین کی تعریف

ہفتہ 27 نومبر 2021 12:23

عثمان مختار کی ایوارڈ یافتہ مختصر فلم 'بینچ' یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی، شائقین کی تعریف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) اداکار عثمان مختار کی ہدایت کردہ ایوارڈ یافتہ مختصر فلم 'بینچ' کو طویل عرصے بعد بالآخر پاکستان میں یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔ 'بینچ' کے ٹیزر اور پوسٹر 2019 کے آخر میں جاری کئے گئے تھے اور اسے اکتوبر 2020 میں فرانس میں ہونے والے کانز انٹرنیشنل انڈیپینڈنٹ فلم فیسٹیول میں بھی دکھایا گیا تھا۔

'بینچ' کو فرانسیسی فلم میلے میں پیش کئے جانے کے علاوہ مختلف عالمی فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے اور اس نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔'بینچ' 12 منٹ دورانئے کی فلم ہے، جس کی کہانی پارک کے بینچ پر بیٹھے جوڑے کے گرد ہی گھومتی ہے۔فلم کی کہانی 'بینچ' پر بات سے شروع ہوتی ہے اور وہیں پر ہی ختم ہوتی ہے۔فلم میں عثمان مختار اور ربیا چوہدری نے ہی کردار ادا کیے ہیں، جنہوں نے ایک ایسے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا ہے جن کے تعلقات نامعلوم وجوہات کی وجہ سے کشیدہ ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مختصر فلم میں جوڑے کو بینچ پر طلاق سے متعلق باتیں کرتے دکھایا گیا ہی'بینچ' میں دکھایا گیا ہے کہ دونوں کے درمیان بے انتہا محبت بھی ہوتی ہے اور دونوں کو طلاق ہونے پر افسردہ بھی دکھایا گیا ہے۔فلم میں عثمان مختار 'بینچ' پر ہی ربیا چوہدری کو کہتے ہیں کہ وہ پہلی بار اسی بینچ پر ملے تھے، پہلی بار ربیا چوہدری نے مذکورہ بینچ پر ہی انہیں اپنا حمل ضائع ہونے کی خبر دی تھی اور پہلی بار دونون نے اسی بینچ پر بیٹھ کر اپنے گھر کی لیز کے کاغذات پر دستخط کیے تھے اور اب اسی بینچ پر ہی وہ طلاق کے معاملات طے کر رہے ہیں۔

فلم میں ربیا چوہدری کو عثمان مختار کو طلاق کے کاغذات دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس پر وہ قلم سے کچھ دستخط کرتے ہیں یا کوئی جملہ لکھتے ہیں۔فلم میں دکھایا گیا ہے کہ عثمان مختار جیسے ہی طلاق کے کاغذات پر کچھ لکھتے ہیں تو ربیا چوہدری انہیں آنسو بہاتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ کئی ماہ سے طلاق لینا چاہتی تھیں اور آج جب کاغذات پر دستخط ہوگئے ہیں تو وہ غمزدہ ہوگئی ہیں۔فلم کا اختتام ربیا چوہدری اور عثمان مختار کے بینچ سے اٹھنے اور ربیا چوہدری کو گاڑی میں بیٹھنے کے بعد طلاق کے کاغذات کو کھولنے کے بعد مسکرانے پر ہوتا ہے۔فلم کو یوٹیوب پر جاری کرنے کے بعد کئی شائقین نے اس کی تعریفیں کیں اور عثمان مختار کی اداکاری سمیت ان کی ہدایت کاری کو بھی سراہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں