الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات ‘ضلع قصور میں ووٹرز ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘سمینار اور واک کا انعقاد

الیکشن کمیشن خواتین ، خواجہ سرائوں اور معذور افراد کے ووٹ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہا ہے‘ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد جمیل

منگل 7 دسمبر 2021 16:45

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات ‘ضلع قصور میں ووٹرز ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘سمینار اور واک کا انعقاد
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں ووٹرز ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا‘آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میںڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور محمد جمیل ‘الیکشن آفیسر علی ‘ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا ‘پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیصر ایوب شیخ ، سیاسی رہنمائوں ‘اساتذہ ‘سول سوسائٹی کے عہدیداران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد جمیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن خواتین ، خواجہ سرائوں اور معذور افراد کے ووٹ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہا ہے تا کہ وہ عملی اور جمہوری زندگی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔

(جاری ہے)

آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک میں جمہوری عمل کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرینگے ۔ ووٹ کا اندراج کروانا نہ صرف ہر مرد و عورت بلکہ خواجہ سرائوں پر بھی لازم ہے ۔

کوئی بھی فرد جس کی عمر 18سال یا اس سے زائد ہے وہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا حامل ہے اپنا ووٹ اپنے کارڈ کے عارضی یا مستقل پتہ میں سے جہاں خواہش مند ہو اندراج یا تبدیل کروا سکتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ ایک قومی فریضہ اورامانت ہے اپنے ووٹ کا لازمی اندراج کروائیں آپ کا ووٹ روشن مستقبل کا ضامن ہے ۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس سے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک آگاہی واک منعقد کی گئی جس میں افسران ، سول سوسائٹی کے عہدیداران ، سیاسی رہنمائوں اور شہریوں نے شرکت کی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں