صوبائی وزیر بہبود آبادی کے زیر صدارت کرونا وائرس کی روک تھام اور گندم خریداری کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

کرونا کی تازہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ‘ضلع قصور میں 14گندم خریداری مراکز قائم ، 1400روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائیگی ، 91ہزار 183میٹرک ٹن گندم خریداری کا ٹارگٹ مقرر‘20اپریل سے باردانہ کا اجراء کیا جائیگا ، بریفنگ

منگل 7 اپریل 2020 18:25

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار محمد ہاشم ڈوگر کے زیر صدارت ضلع میں کرونا وائرس کی روک تھام ‘عوام النا س کے تحفظ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات اور گندم خریداری مہم 2020کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حنا ارشد ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پروفیسر حاجی محمد ڈوگر ،اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر صغیر احمد علوی ، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر زبیر انجم خان موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عدنان بدر ،اے سی پتوکی آصف علی ڈوگراور اے سی کوٹ رادھاکشن نازیہ موہل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد نے اجلاس کو ضلع میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال ، حفاظتی اقدامات اور شہریوں کے تحفظ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر تفصیلاً بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو کرونا وائرس کی وباء پر قابو پانے اور اس وبا سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے اجلاس کو گندم خریداری ،باردانہ کی تقسیم اور مقررہ کردہ ٹارگٹ کے حوالے سے پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر14گندم خریداری سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں قصور‘کھڈیاں ‘عثمانوالہ ‘چونیاں ‘پتوکی ‘حبیب آباد ‘بیدیاں ‘تلونڈی‘الہ آباد ‘شام کوٹ ‘کنگن پور ‘سرائے مغل ‘پھولنگر اور کوٹ رادھا کشن شامل ہے۔

کسانوں سے گندم 1400روپے فی من کے حساب سے خریدی جائیگی جبکہ 9روپے ڈلیوری چارجز فی 100کلو گرام کسانوں کو ادا کئے جائینگے اور گندم خریداری کیلئے گردآوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے ضلع قصور کا 91ہزار 183میٹرک ٹن گندم خریداری کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے جبکہ بارد انہ کا اجرا 20اپریل سے کیاجائیگا۔ تمام گندم خریداری مراکز پر کوارڈینیٹرز اور دیگر سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے اور تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں اور کسانوں کی آگاہی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار محمد ہاشم ڈوگر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کرونا وائرس کی روک تھام اور گندم خریداری کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد سو فیصد یقینی بنایا جائیگا۔موجودہ حالات کے پیش نظر کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو تمام سہولیات دی جائینگی اور مقرر کردہ ہدف ہر صورت پورا کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران باردانہ کی تقسیم میرٹ پر ہو گی اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اور کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی اورانہیں انکی محنت کا پورا معاوضہ دیا جائیگا۔صوبائی وزیر نے خریداری مراکز پر کسانوں و عملہ کو کرونا وائرس کے ممکنہ خدشات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں