پولیو کے مرض سے بچوں کو بچانے کے لیے خاص میکنزم کے تحت موثر حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر خیرپور

ہفتہ 24 فروری 2018 16:40

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر خیرپور جاوید علی جاگیرانی نے کہا ہے کہ پولیو کے مرض سے بچوں کو بچانے کے لیے خاص میکنزم کے تحت موثر حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا ۔مہم کے دوران پولیو ویکسین سے رہ جانے والے بچوں کو ہر صورت میں ویکسین پلانے کے لیے پولیو ٹیموں کے علاوہ دیگر رضاکاروں کی مدد حاصل کرلی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے دربار ہال میں 12 تا 15 مارچ تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں اے ڈی سی ون ریاض حسین وسان، ڈی ایچ او ڈاکٹر نثار علی پھلپوٹو،آٹھوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنروں، صحت، پی پی ایچ آئی ،پولیس، ڈبلیو ایچ او، روٹری انٹرنیشنل ،ڈی پی سی آر، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی خیرپور نے سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کے رضاکاروں کو بہتر تربیت فراہم کی جائے تاکہ ویکسین کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔ڈی سی خیرپور نے کہا کہ مائیکرو پلان کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور جھوٹ پر مبنی رپورٹنگ سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر رپورٹنگ آفیسر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ مہم کے دوران تمام ٹرانزٹ پوائنٹوں پر پولیس اہلکار وں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس میں ڈی سی خیرپور نے خسرہ سے بچائو کی مہم کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران ضلع بھر کے 466000 ھزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 1583 لیڈی ہیلتھ ورکربھی مہم میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گی ۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مہم سے قبل آٹھوں تعلقوں میں شعور کی بیداری کے لیے سرسو کے تعاون سے ریلیوں اور واک کی جائیں گی ۔ اجلاس میں ماں اور بچے کی حفاظتی ٹیکوں کے حوالے سے تمام امور زیر بحث لائے گئے اور حفاظتی ٹیکوں کے لگانے پر زور دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں