اسلام دنیا بھر کے مذاہب میں پر امن ، محبت، پیار اور یگانگت کا مذہب ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیرپور

منگل 23 اپریل 2019 17:54

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیرپور ریاض حسین وسان نے کہا ہے کہ اسلام دنیا بھر کے مذاہب میں پر امن ، محبت، پیار اور یگانگت کا مذہب ہے ہر مذہب انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور سندھ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹی ورکرز کے مشترکہ تعاون سے نجی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریاض حسین وسان نے کہا کہ امن و امان بحال رکھنے کے لیے نچلی سطح پر قوم ، مذہب، رنگ ، نسل، ذات پات سے مبرا ہوکر ظلم اور جبر کی فرسودہ رسموں کے خلاف یکجا ہونے کی ضرورت ہے عام عوام میں ان تمام محرکات کے لیے شعور کی بیداری کے سلسلے میں نجی تنظیم کا کام قابل ستائش ہے ۔ ریاض حسین وسان نے کہا کہ قرآن پاک نے تقویٰ، پرہیز گاری، نیک عمل کرنے اور برائیوں سے روکنے سمیت صبر کرنے والوں کو کامیاب قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کا عملی ثبوت پیش کرکے بتایا کہ سب سے اعلیٰ عظیم کام خدمت انسانی ہے ۔ نجی تنظیم کے سربراہ اصغر علی ڈہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن و امان قائم کرنا، محبت، پیار، یگانگت، برداشت اور بھائی چارے سمیت انسانیت کی خدمت عظیم کام ہیں اس سلسلے میں تنظیم نے کامیاب منصوبہ کی ہے جس میں شروعاتی طور پر منگنواری، وڈا ماچھیوں ، شاہ بھنگیوں سمیت دیگر یوسیز میں شعور کی بیداری کے لیے سگھڑ کچیہریاں منعقد کی جائیں گی جس میں تمام طبقوں کو دعوت دی جائے گی ۔

سیمینار میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریڈیوپاکستان، روٹری انٹرنیشنل، سوشل ویلفیئر، وکلاء، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے افسران، صحافیوں، اسٹیک ہولڈرز، سماجی تنظیموں کے نمائندوں، خواتین سوشل ورکرز اور دیگر سماجی بھلائی کی تنظیموں کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں