ملک بھر کی طرح خاران میں بھی ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

اتوار 14 اگست 2022 20:20

خاران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) ملک بھر کی طرح خاران میں بھی ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی جوش و خروش سے منایا گیا اس سلسلے میں کمشنر رخشان ڈویژن سیف اللہ کھیتران اور ڈپٹی کمشنر خاران ڈاکٹر خدا رحیم میروانی نے ضلعی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی۔پرچم کشائی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر رخشان بادل دشتی۔ میجر احسان عظیم فاروق، ایس پی آصف علیم ،اسسٹنٹ کمشنر امتیاز محفوظ سمیت سرکاری آفیسران، قبائلی وعلاقائی معتبرین، سول سوسائٹی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

اس دوران پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔پرچم کشائی کے بعد ضلعی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔تقریب سے کمشنر رخشان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خاران نے خطاب کرتے ہوئے تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک عزیز کی آزادی کی خاطر ہمارے بزرگوں نے کئی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس کی وجہ سے دنیا کے نقشے میں پاک وطن کی شکل میں ایک اسلامی ملک معرض وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے لیے جان و مال کی قربانی دینے والوں کو ہمیں کسی بھی صورت فراموش نہیں کرنا چاہیے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہم سب کو مثبت اور تعمیری سوچ کے ساتھ کردار ادا کرنا چاہیے۔جشن آزادی کے مناسبت سے کمشنر رخشان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خاران کی زیر قیادت پیدل ریلی اور گاڈیوں پر فلیگ مارچ بھی کیا گیا ۔اسی طرح ایف سی پبلک سکول خاران میں بھی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔

تقریب میں کمشنر رخشان ڈویژن، کمانڈنٹ خاران رائفل قمر ظہیر ، ڈپٹی کمشنر اسسٹنٹ کمشنر ،سرکاری آفیسران ، طلباء و طالبات سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگ موجود تھے ۔تقریب میں طلباء و طالبات نے تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے۔کمشنر رخشان ڈویژن ، کمانڈنٹ خاران رائفل اور ڈپٹی کمشنر خاران نے بہترین طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور تحائف بھی پیش کیے۔یوم آزادی کے تقاریب کے اختتام پر کمشنر رخشان ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر خاران اور اسسٹنٹ کمشنر خاران کے ہمراہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا وزٹ کرکے مریضوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور ان میں مٹھائیاں تقسیم کیے ۔\378

خاران میں شائع ہونے والی مزید خبریں