خدمت و تعمیری سوچ لیکر نظام کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہوںِاسسٹنٹ کمشنر ریونیواینڈ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی قلات ڈویژن

بدھ 17 اپریل 2019 23:51

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) اسسٹنٹ کمشنر ریونیواینڈ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی قلات ڈویژن انجینئر عائشہ زہری نے کہا ہے کہ خدمت و تعمیری سوچ لیکر یہاں نظام کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہوں ، میری کوشش ہے کہ اپنے علاقے میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں معاملات کو صحیح نھج پر لا کر اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائوں ، اور یہاں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدے پہنچائوں، نظام میں بہتری آئیگی تو اس سے عوام کو سکون بھی ملیگا اور ان کے مسائل بھی حل ہونگے،ہمیں اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے کہ ہم اپنے لوگوں کے لئے کچھ کرسکیں اور ان کو سہولیات دیں فائدے پہنچائیں اور ان کے ساتھ انصاف کا معاملہ ہو ،یہی جذبہ لیکر میں کام کررہی ہوں ،کمشنر قلات ڈویژن کی سرپرستی میں ڈویژنل سطح پر ہر شعبے میں بہتری لاکر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ،ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرکے قومی شاہراہ پر روڈ حادثات کو کم کرنے کے لئے بھی موثر اقدامات کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کاا ظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انجینئر عائشہ زہری کا کہنا تھا کہ خضدار ایک خوبصورت شہر ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس شہرکو بہتر محل و وقوع دیا ہے ، گوادر اور سی پیک کی وجہ سے اس شہر کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے ، گوادرسے آنے والی تجارتی شاہراہیں اس شہر کو لنک کرکے آگے بڑھیں گی یہ شہرمستقبل وقریب میں تجارتی اور کاروباری مرکز ثابت ہونے والا ہے ،ضروری ہے کہ منصوبہ بندی اور مستقبل کے چیلنجز کو مد ِ نظر رکھ کر خضدار کی تعمیر و ترقی کی جائے ، ا س سلسلے میں حکومت جامعہ حکمتِ عملی کے تحت وسیع پیمانے پر منصوبے تشکیل دے رہی ہے ۔

خضدار میں تعلیمی ادارے بن رہے ہیں ، مراکزِ صحت کی بہتری و تعمیر و مرمت پر کام جاری ہے جن سے آنے والے وقتوں میں لوگ مستفید ہوسکیں گے۔انہوںنے کہاکہ قومی شاہراہ پر روڈ حادثات کے روک تھام کے لئے بھی خصوصی پلان مرتب کررکھے ہیں ، غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اور بغیر پرمٹ گاڑیوں ، اور سرچ لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف اس سے پہلے بھی کاروائی کرتے رہے ہیں اورآئندہ بھی ان کے خلاف کاروائی ہوگی ،قومی شاہراہ پر روڈ حادثات کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کرنے سے ہی حادثات میں کمی آئیگی ، چونکہ اس شاہراہ پر ٹریفک کا ہجم بھی پہلے سے کافی زیادہ بڑھ چکا ہے ،آمدو رفت میں اضافہ ہواہے جس سے حادثات ہورہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ حادثات کم ہوں اور عام مسافرخیرو عافیت کے ساتھ اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں