وادی تیراہ، شدید سردی کے باعث سرکاری سکولوں میں 10مارچ تک چھٹیوں کا اعلان

چھٹیوں کا فیصلہ اساتذہ کرام، اور طلباء طالبات کو درپیش مشکلات کے باعث کیا گیا، خیبرمیں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے پر سکول کھولے گئے تھے، ڈپٹی کمشنر خیبر کی جانب سے تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 مارچ 2024 19:57

وادی تیراہ، شدید سردی کے باعث سرکاری سکولوں میں 10مارچ تک چھٹیوں کا اعلان
خیبر ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مارچ 2024ء) خیبرایجنسی میں وادی تیراہ میں تمام سرکاری سکولوں کو 10مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ میڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنر خیبر نے سکولوں میں شدید سردی کے باعث سکولوں میں تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت وادی تیراہ میں 25سرکاری سکولوں کو 10مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،خیبر میں وادی تیراہ میں شدید سردی اور برفباری کے باعث تمام 25سرکاری سکول بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ضلع محکمہ تعلیم حکام کی سفارشات کی روشنی میں چھٹیوں کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ چھٹیوں کا فیصلہ اساتذہ کرام، اور طلباء طالبات کو درپیش مشکلات کے باعث کیا گیا، خیبرمیں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے پر سکول کھولے گئے تھے، لیکن حالیہ سردی کی لہر اور برفباری کے باعث دوبارہ 10مارچ تک سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت ضلع بھر میں شدید سردی کے باعث تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید تین روز کیلئے بند کردئیے گئے حالیہ بارشوں کی وجہ سے ضلع بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ضلع کرم میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے اور شدید سردی کے باعث دو ماہ کی تعطیلات کے بعد یکم مارچ کو کھلنے والے تعلیمی ادارے تین روز کیلئے دوبارہ بند کردئیے گئے ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاوید اللہ محسود نے میڈیا کو بتایا کہ سردی کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے پڑے کیونکہ بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے اور بچے تعلیمی اداروں میں حاضری دینے سے قاصر ہیں موسم سرما کے دوران ضلع کرم میں شدید سردی برفباری ہوتی ہے جس سے سردی کی شدت بڑھ جاتی ہے اور گرمیوں میں بھی علاقے کا موسم خوش گوار رہتا ہے۔


متعلقہ عنوان :

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں