(اپ ڈیٹ )

ٴْ باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھما کہ، 35 افراد جاں بحق ،80 سے زائد زخمی

اتوار 30 جولائی 2023 18:50

=پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2023ء) خیبر ایجنسی کے علاقے باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے نتیجے میں35 افراد جاں بحق اور80 سے زائد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار کے دبئی موڑ پر دھماکا اس وقت ہوا جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن جاری تھا، کنونشن میں ایم این اے جمال الدین اور سابق سینیٹر عبدالرشید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پولیس کے مطابق دھماکا جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہوا، ڈی آئی جی مالا کنڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ باجوڑ میں دھماکے کی معلومات لے رہے ہیں، دھماکا کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، دھماکا کس نوعیت کا ہے تعین کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بم دھماکے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق اور 80 سے زیادہ زخمی ہوئے، جس میں درجن سے زائد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جیو ٹی وی کے کیمرہ مین سمیع اللہ بھی بم دھماکے میں شدید زخمی ہوگئے ہیںجبکہ جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان اورجے یو آئی تحصیل ناواگی کے جنرل سیکرٹری مولانا حمید اللہ حقانی بھی جاں بحق ہوگئے، زخمیوں کو تیمرگرہ اور پشاور منتقل کیا گیا۔جے یو آئی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انصار الاسلام کے کارکنوں سے زخمیوں کے لیے خون دینے کے لیے فوری طور پرہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔جلسہ گاہ میں قیامت کا سماں، صوبائی اور وفاقی حکومت زخمیوں کے لئے فوری ہیلی کاپٹر کا بندوبست کرلیں۔ ملک بھر کے کارکنان سے پرامن رہنے اور دعاؤں کی اپیل ہے۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں