خیبر،تحصیل کمپاؤنڈ میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، دو خودکش حملہ آور ہلاک

دہشت گردوں نے باڑا تھانے ، سی ٹی ڈی سیل اور سرکاری دفاتر پر مشتمل تحصیل کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے

جمعرات 20 جولائی 2023 22:58

خیبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2023ء) خیبرکے باڑہ بازار میں تحصیل کمپاؤنڈکے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی گئی۔دہشت گردوں نے باڑا تھانے ، سی ٹی ڈی سیل اور سرکاری دفاتر پر مشتمل تحصیل کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔

رپورٹ کے مطابق باڑہ مارکیٹ میں دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکا باڑہ تحصیل کمپاونڈ کے مرکزی گیٹ پر تلاشی کے دوران ہوا جس میں ابتدائی طور پر ایک اہلکار شہید ہوا۔

پولیس کے مطابق کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں جب کہ تھانے کے اندر سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کے مطابق کمپاؤنڈ پر دو دہشتگردوں نے حملہ کیا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔آئی جی پولیس کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کرلیے۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں