خیبرپختونخوا میں وزیراعظم پاکستان کے چھوٹے پیمانے پر گھریلو مرغبانی کے ذریعے غربت مٹاؤ پروگرام کا آغاز کردیا گیا

ہفتہ 28 دسمبر 2019 15:32

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2019ء) صوبہ خیبرپختونخوا میں وزیراعظم پاکستان کے چھوٹے پیمانے پر گھریلو مرغبانی کے ذریعے غربت مٹاؤ پروگرام کا آغاز کردیا گیا اور پورے صوبہ میں سب سے پہلے ضلع کوہاٹ میں اس پروگرام کے تحت پانچ مرغیوں اور ایک مرغ پر مشتمل ساڑھے تین ہزار یونٹس تقسیم کردیئے گئے ۔محکمہ لائیوسٹاک کوہاٹ نے اس ضمن میں بتایا کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کوہاٹ واحد ضلع ہے جہاں سب سے پہلے وزیراعظم پاکستان کے گھریلو مرغبانی کے ذریعے غربت مٹاؤ پروگرام کے تحت پانچ مرغیوں اور ایک مرغا پر مشتمل ساڑھے تین ہزار یونٹس تقسیم کئے گئے۔

کوہاٹ میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے فارم حاصل کرکے صرف 1050 روپے کے عوض سستے داموں پانچ مرغیاں اور ایک مرغا پر مشتمل یونٹ خریدنے کے لئے اپلائی کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گزشتہ روز مرغیوں اور مرغے پر مشتمل ساڑھے تین ہزار یونٹس کوہاٹ پہنچادی گئیں جس پر محکمہ لائیوسٹاک کے مقامی حکام نے پورے خیبرپختونخوا میں سب سے پہلے ضلع کوہاٹ میں اس پروگرام کے تحت اٴْن لوگوں میں مرغیوں کی تقسیم کا عمل شروع کیا جنہوں نے کچھ عرصہ قبل متعلقہ فارم جمع کرائے تھے ۔

اس موقع پرلائیوسٹاک دفترکے باہرپانچ مرغیوں اور ایک مرغا پر مشتمل یونٹ کو حاصل کرنے کے لئے لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی تھیںجو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میں وزیراعظم عمران خان کے اس پروگرام کوزبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔کوہاٹ کے لوگوںنے غریب عوام کے لئے شروع کئے گئے اس پروگرام کوعملی شکل پہنانے پر اسے نہایت خوش آئند اور مستفید قراردیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دوماہ کے دوران یہ مرغیاں انڈے دینا شروع کردیں گی جس سے غریب گھرانے اپنا گھرکا خرچ بآسانی پوراکرسکیں گے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں