ڈی پی او کوہاٹ کی زیر صدارت اجلاس، اعلیٰ پولیس افسران کی شرکت

کوہاٹ کے پانچوں اضلاع میں امن برقرار رکھنے کیلئے پولیس حکام کو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت

ہفتہ 21 ستمبر 2019 15:45

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) کوہاٹ ڈویڑن کے تمام پانچوں اضلاع میں مثالی امن برقرار رکھنے کیلئے پولیس حکام کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی سختی کے ساتھ ہدایات جاری کردی گئیں۔ ہفتہ کے روز ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن (ر) واحد محمود کی زیر صدارت ریجنل پولیس آفس کوہاٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او ہنگواحسان اللہ، ڈی پی او کرک نوشیر خان، ڈی پی او اورکزئی صلاح الدین کنڈی، ڈی پی او کرم رحیم شاہ، ایس پی انوسٹی گیشن ہنگو زین خان جدون، ایس پی انوسٹی گیشن کرک گل نواز جدون، ڈی ایس پی درہ آدم خیل صنوبر شاہ، پی ایس او ٹو ڈی آئی جی انسپکٹر راضی گل، انسپکٹر ناظر حسین اور دیگر متعلقہ پولیس افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ڈویڑن بھر کے تمام اضلاع میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی شرح اور متعلقہ اضلاع بشمول قبائلی اضلاع کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں پولیس فورس کے دائرہ اختیار کا تعین ہوچکا ہے اور متعلقہ اضلاع میں درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ اور ہمہ گیر پالیسی وضع کرلی گئی ہے۔

اجلاس کے شرکاء پر زور دیا گیا کہ صوبائی پولیس سربراہ ڈاکٹر محمد نعیم خان کی واضح احکامات کی روشنی میں ریجن بھر میں منظم جرائم پیشہ گروہوں اور سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن یقینی بنایا جائے۔ خاص طور پر ان مگر مچھوں پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے جو ڈرگ مافیا، لینڈ مافیا اور ٹمبر مافیا کے سرغنے ہیں۔ ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر) واحد محمود نے اجلاس میں شریک پولیس افسران کو سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس کی روشنی میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث خطرناک مجرموں کی پولیس رولز کے مطابق باقاعدہ پرسنل فائل تیار کی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع سمیت ریجن کے مختلف شہروں میں محرم الحرام کی طرح چہلم شہدائے کربلا کے پرامن انعقاد کیلئے پیشگی اور غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں