کوہاٹ، سرچ آپریشن کے دوران مزاحمت پرسیکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے کے بعد ایف سی کی فائرنگ سے 2قبائلی جاں بحق ،4 زخمی

بدھ 29 جولائی 2020 22:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2020ء) کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع کرم میں سرچ آپریشن کے دوران مبینہ طورپرمزاحمت کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے کے بعد فرنٹیئرکور(ایف سی) کی فائرنگ کے نتیجے میں2 قبائلی جاں بحق اور 4 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہاں موصولہ ابتدائی اطلاعات اور مقامی میڈیاکے مطابق بدھ کے روزتحصیل اپر کرم کے سرحدی علاقے مالی خیل میں فرنٹیئرکور (ایف سی) کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران امیر حمزہ نامی ایک قبائلی کے گھرپر چھاپہ مارا جس پر مقامی افراد نے جمع ہوکر ایف سی اہلکاروں کو سرچ آپریشن سے روکنے کی کوشش کی ۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران ایف سی اہلکاروں اور مقامی افراد کے مابین تلخ کلامی ہوئی اورمقامی افراد نے مبینہ طورپر مشتعل ہوکر ایف سی اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کیا جس پر ایف سی اہلکاروں نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی جس کی زدمیں آکر6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پارہ چنار منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ایک زخمی یعقوب حسین ولد علی مجان راستے میں جبکہ حجاب حسین ولد قدم علی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔دیگر چار دزخمی افراد میں معراج حسین ولد موسم علی‘ عادل حسین ولد علی بادشاہ‘ سفر علی ولد سردار علی اور لاجبر علی ولد فرگل شا مل ہیں جو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ضلع کرم کے ممبر قومی اسمبلی ساجد طوری نے واقعہ کو افسوسناک قراردیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں