مشیر تعلیم خیبر پختونخواہ نے جنوبی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع میں ضلعی تعلیمی دفاتر کو متعلقہ قبائلی ضلع میں شفٹ کرنے کا اعلان کردیا

اتوار 23 دسمبر 2018 23:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2018ء) مشیر تعلیم خیبر پختونخواہ ضیاء اللہ خان بنگش نے جنوبی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع میں ضلعی تعلیمی دفاتر کو متعلقہ قبائلی ضلع میں شفٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ وہ گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں قبائلی عمائدین اور محکمہ تعلیم سے وابستہ افراد سے گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پر مقامی انتظامی افسر اور محکمہ تعلیم ضم شدہ اضلاع کے ڈائریکٹر ہاشم خان آفریدی اور سپیشل سیکرٹری کے علاوہ مقامی افسر بھی موجود تھے۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے قبائلی اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو جلد از جلد پورا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے سکولوں میں مختلف کیڈ ر کے ڈھائی ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا جائے گا اور یہ بھرتیاں آئندہ تین ماہ کے دوران میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، قبائلی اضلاع کے تمام ہائی سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی لیبارٹریز قائم کرنے جبکہ سکولوں میں اساتذہ کء حاضری یقینی اور مزید بہتر بنانے کے لئے خودمختار مانیٹرنگ یونٹ متعارف کرنے کے اعلانات بھی کئے۔ ضیاء اللهبنگش نے قبائلی اضلاع کے سکولوں میں بچوں کے لئے داخلہ مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے عوامی شکایات پر قبائلی اضلاع میں تمام غیرفعال سکولز کو جلد از جلد فعال کرنے اور قبائلی اضلاع میں مستقل طور پر غیر حاضر رہنے والے اور گھوسٹ اساتذہ کی نشاندہی اور کاروائی کا حکم بھی دے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب وزیرستان کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا اور بنیادی سہولیات کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیاجائے گا۔

اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے مقامی مشران اور لوگوں سے خطاب کیا اور یقین دلایا کہ تعلیم کے شعبے میں حکومت قبائلی اضلاع میں اصلاحات لا کر بھرپور توجہ دے گی۔ انہوں نے مقامی مشران پر زور دیا کہ وہ قبائلی اضلاع کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر کے ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنے میں حکومت کا ساتھ دے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں