عمران خان نے بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف لڑنے کا وعدہ پورا کردیا، اب عوام کی باری ہے‘بیرسٹر سلطان

آزاد کشمیر کی لاچار اور بے بس حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا، جلد ہی میدان سجنے والا ہے ‘صدرپی ٹی آئی آزاد کشمیر

ہفتہ 25 فروری 2017 14:10

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے صدر ،سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ عمران خان نے بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف لڑنے کا وعدہ پورا کردیا، اب عوام کی باری ہے ، لوگ تحریک انصاف کو حکومت بنانے کے لیے ووٹ دیں، عمران خان نیا پاکستان بنانے کا وعدہ بھی پورا کر دینگے۔

آزاد کشمیر کی لاچار اور بے بس حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا، جلد ہی میدان سجنے والا ہے ،عمران خان کے ٹائیگر حکومت کے ناک میں دم کرنے کے لیے ہمارے ایک اشارے کے منتظر ہیںحکومت کے خلاف کسی بھی وقت میری اُنگلی کھڑی ہو سکتی ہے ۔ آزادحکومت ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ کا اعلان کرے، ہمارا فوکس اب بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار کرنا ہے جس نے لوکل باڈیز سسٹم کی بحالی میں اپنی ٹانگ اُڑائی وہ ٹانگ سے جائے گا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میںنوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دے گی، ہم چاہتے ہیں نئی قیادت سامنے آئے اس ہدف کے حصول کے لیے ہم بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں ضیاء الحق گورسی اور ظفر گورسی کی رہائش گاہ پر صدر پریس کلب زاہد آصف سلطان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد محبوب، سابق اُمیدوار اسمبلی چوہدری محمد اخلاق، چوہدری رزاق ایڈووکیٹ،سابق اُمیدوار اسمبلی عادل ملک،پی ٹی آئی کوٹلی کے متحرک رہنماعابد چوہدری، پی ٹی آئی ضلع کوٹلی کے سابق صدرمحمود ملک اور دیگر مقامی قائدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی سیاست پر پاناما لیکس کے متوقع فیصلے کے گہرے اثرات مرتب ہونگے، بحیثیت سیاست دان مجھے یوں لگ رہا ہے کہ مسائل میں گری پاکستانی قوم کو پاناما کیس کے فیصلے کی صورت بڑی خوش خبری ملنے والی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ایک ایک کارکن اور پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور کرپشن کے خلاف جنگ کرنے کے وعدہ کو پورا کرنے پر ہم چیئرمین پی ٹی آئی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہمیں ایسا ہی لیڈر چاہیے جو بات کرے اُس پر عمل کرے اور جو بھی وعدہ کرے اُسے ہر قیمت پر پورا کرے۔

سلطان محمود کا کہنا تھا کہ قوم نے دیکھ لیا کہ عمران نے پانامہ لیکس میں وزیراعظم اور اُن کے خاندان کو سپریم کورٹ میں نہ صرف لاکھڑا کیا جہاں اںکی جامع تلاشی لی گئی بلکہ شریفوں کی ’’شرافت‘‘پر پڑا پردہ بھی اُٹھا دیا اب لوگوں کی باری ہے کہ عمران خان کی پارٹی کو ووٹ دیکر حکومت میں لائیں ،لوگ ووٹ دینے کی ذمہ داری ادا کریں عمران خان کرپشن اور بدعنوانی سے پاک نیا پاکستان بنانے کا اپنا وعدہ بھی پورا کردے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کی بے بس اور لاچار حکومت کے خلاف ہمارے کارکنان ایک اشارے کا انتظار کررہے ہیں ، ہم نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کسی بھی وقت میری اُنگلی کھڑے ہونی والی ہے، میرا اشارہ آنے دیں عمران خان کے ٹائیگر حکومت کی ناک میں دم کرنے کے میدان میں نکل پڑیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا فوکس بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر ہے ہم چاہتے ہیں کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں تاکہ اقتدار گراس روٹ لیول تک منتقل ہوسکے اور نئی قیادت سامنے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نچلی سطح پر نمائندگی نہ ہونے سے لوگ ’’ٹوٹی،کھمبے اور نالیوں‘‘کے لیے ہم سے رابطہ کرتے ہیں جن کا کام کھمبے لگانا اور نالیاں بنانان ہیں بلکہ قانون سازی کرنا ہے جو درست بات نہیں مگر لوگ کریں بھی کیا کہ جب بلدیاتی انتخابات نہ ہونگے تو اس طرح کا گیپ لوگوں کو ہمارے پاس ہی لائے گا ۔بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہوچکا ہے، ہم لوکل باڈیز سسٹم کی بحالی کے لیے میدان میں کود چکے ہیں اور جو سیاسی جماعت یا شخص اس سسٹم کی بحالی میں ٹانگ اُڑائے گی وہ یاد رکھے اپنی ٹانگ سے جائے گا۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں حکومت فی الفور انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان کرے۔ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے تیار ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دی جائے۔ان کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کے جیتنے کے زیادہ چانس ہوتے ہیں ہم جیت ہار سے قطع نظر ہوکر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اس لیے چاہتے ہیں تاکہ نئی قیادت سامنے آسکے۔ پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو قومی سیاست کے دھارے میں لانے کی اس کوشش میں ہمیں جو قیمت ادا کرنا پڑی وہ ادا کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں