حکومت جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت

بدھ 13 نومبر 2019 17:52

لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) حکومت پنجاب جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیا کیخلاف آئینی ہاتھوں سے نمٹ رہی ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کوان کے منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے۔حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔

یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) رانا علی ارشدنے ٖضلع گجرات کے دورے کے دوران محکمہ زراعت کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں زراعت(توسیع) ضلع گجرات کے افسران اور فیلڈ اسسٹنٹس نے شرکت کی۔ اپنے دورہ کے دوران رانا ارشد علی ایڈیشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس) زراعت نے دھان کی فصل کی موجودہ صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور کاشتکاروں سے اپیل کی کہ ملکی مفادِ عامہ میں کاشتکار دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے سموگ کا خطرہ ہو جاتا ہے جس سے انسانی صحت اور پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

گلوبل وارمنگ اور سموگ ہماری نسلوں کیلئے نقصان دہ ہے اس سے بچاؤ کیلئے کاشتکار فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں۔ ایڈیشنل سیکرٹری(ٹاسک فورس) نے اس موقع پر محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران اور کاشتکاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کاشتکار جعلی زرعی ادویات و کھادوں کا کاروبار کرنے والے مافیا کی رپورٹ بذریعہ ایس ایم ایس/ واٹس ایپ0300-2955539 پرکریں ۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا اور24 گھنٹوں میں کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ کاشتکاروں کو اگر زرعی ادویات کے سلسلے میں کوئی بھی شکایت ہو تو وہ محکمہ زراعت ٹاسک فورس سے فوراً رابطہ کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں