پاکستان فرنیچر کونسل کا لاہور میں دسویں تین روزہ انٹیریئرز پاکستان میگا ایکسپو 2018 کے انعقاد کا اعلان

چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، بلغاریہ، ڈنمارک اور تھائی لینڈ کے فرنیچر سیکٹرز کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی جائے گی دسمبر میںہونے والی ایکسپو میں 70 کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی، اڑھائی تا تین لاکھ افراد نمائش کو دیکھنے کیلئے آئیں گے، خریداری پر 20 فی صد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا، میاں کاشف اشفاق

منگل 18 ستمبر 2018 12:34

پاکستان فرنیچر کونسل کا لاہور میں دسویں تین روزہ انٹیریئرز پاکستان میگا ایکسپو 2018 کے انعقاد کا اعلان
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) نے دسمبر میں لاہور میں دسویں تین روزہ انٹیریئرز پاکستان میگا ایکسپو 2018 کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس نمائش کا مقصد دنیا بھر سے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور خریداروں کو پاکستانی فرنیچر انڈسٹری کی طرف متوجہ کرنا، مقامی فرنیچر کی صنعت کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ کیلئے کوششیں کرنا ہے۔

منگل کو پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پی ایف سی لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں 9 میگا نمائشوں کا کامیابی سے انعقاد کرچکی ہے جن کو سرکاری اور نجی شعبے میں بھر پور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، بلغاریہ، ڈنمارک اور تھائی لینڈ کے فرنیچر سیکٹرز کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ غیر ملکی سفارتکار، معروف کاروباری افراد، فرنیچر انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اور غیر ملکی وفود بھی اس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 70 سے زائد بڑی مقامی کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے جبکہ سابقہ رجحانات کے مطابق اڑھائی سے تین لاکھ افراد اس میگا نمائش کو دیکھنے کیلئے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے فرنیچر، فکسچر اور متعلقہ فرنشننگ کے سامان کی حیرت انگیز ہنرمندی اور صلاحیتوں کو سامنے لائے گی اور نئے ماہرین، آرکیٹیکٹس اور ڈیزئنرز کو مارکیٹ رجحانات کا جائزہ لینے کا موقع بھی میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ نمائش میں خریداری پر 20 فی صد تک خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ میاں کاشف اشفاق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ اور خاص طور پر لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں فرنیچر کی صنعت کے لئے خصوصی ایکسپو سنٹرز قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف 25 فیصد صنعت کار اور تاجر کراچی میں ہونے والے تجارتی میلوں میں شرکت کرتے ہیں، نئے ایکسپو سینٹرز کے قیام سے زیادہ لوگوں کو ان شہروں میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت اور غیر ملکی و مقامی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے کا موقع میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد اندرون اور بیرون ملک پاکستانی انٹیریئر و فرنیچر مصنوعات کو متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور چاول فی الحال پاکستان کے سب سے بڑے برآمدی سیکٹر ہیں جو باالترتیب 14 بلین اور 2 بلین ڈالر کا زر مبادلہ کما رہے ہیں جبکہ دوسری طرف فرنیچر سیکٹر کا برآمدی حجم صرف 51 ملین ڈالر ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری پی سی ایف عاقل سردار نے کراچی میں منعقدہ گزشتہ ایکسپو کی کامیابی اور لاہور میں آئندہ ایکسپو کی منصوبہ بندی کے بارے میں بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں