وزیراعظم کاروباری شعبہ کے لیے نقصان دہ ایس آراوزکا نفاذ موخر کرانے میں مدد کریں‘ لاہورچیمبر

بدھ 24 اپریل 2024 19:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ان ترامیم کو موخر کرانے کے لیے مدد طلب کی ہے جو کاروبار ی شعبہ کے لیے نقصان دہ ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے حال ہی میں متعارف کرائے گئے ایس آر او457(I)/2024، ایس آر او350(I)/2024اور ایس آر او 1842(I)/2023کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے کاروباری شعبہ متاثر ہوگا جو ٹیکس کے قواعد و ضوابط پر پوری طرح عمل کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس آر او 350خریدارو ں کی ٹیکس ریٹرن فائل کے عمل کو سپلائرز کی جانب سے ٹیکس قواعد و ضوابط کی تعمیل سے منسلک کرتا ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے اور سپلائی چین سے وابستہ تاجر ہر مرحلے پر متاثر ہونگے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان میں تاجر برادری کو مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی، توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، بلند مارک اپ اور ایم ڈی آئی چارجز سمیت کئی بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ایسے میں ٹیکس دہندگان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرنادرست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فروخت کنندگان نے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے تو خریداروں کو جرمانہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ جعلی اور فلائنگ انوائسز کے معاملے سے نمٹنے کے لیے ایف بی آر کے اندرونی نظام کی نگرانی کرنی اور ٹیکس دہندگان کوپریشان کرنے کے بجائے جعلی رسیدوں کے عمل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر دستاویزی معیشت کو فروغ دینے اور ٹیکس بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے لیکن یہ ایس آر ٹیکس نیٹ میں موجود ٹیکس دہندگان کے لیے مسائل پیدا کررہے ہیں۔ کاشف انور نے کہا کہ اس صورتحال کو درست کرنے اور کاروباری شعبہ کا تحفظ کرنے کے لیے وزیراعظم کی فوری مداخلت ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم فوری ایکشن لیتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ حتمی بات چیت تک ایس آر اوز پر عمل درآمد موخر کرنے کا حکم دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں