یو ای ٹی میں کاروباری مواقع پر سیمینار کا انعقاد

منگل 9 اکتوبر 2018 19:49

لاہور۔9اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے یونیورسٹی کے طلبہ کیلئے کاروباری مواقع کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد کیا، تقریب میں نیٹ سول ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو سلیم غوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سلیم غوری کا کہنا تھا کہ اس وقت معاشرہ چوتھے صنعتی انقلاب سے گزر رہا ہے ، یہ صنعتی انقلاب تمام اشیاء کی انٹرنیٹ پر دستیابی اور تجارت کو ممکن بنانے کے حوالے سے کوشاں ہے، اس میں طلبہ کیلئے بیشمار مواقع ہیں کیونکہ یہ انقلاب دنیا بھر میں ہونے جا رہا ہے اور پاکستان میں اس کے غیر معمولی مواقع موجود ہیں، پاکستان میں تجارت روایتی انداز میں کی جا رہی ہے جبکہ دنیا کی تجارتی رفتار سے ہم قدم رہنے کیلئے الیکٹرانک تجارت کو اپنانا ناگزیر ہے، اس لئے پاکستانی طلبہ کو چاہئے کہ اس چوتھے صنعتی انقلاب کا حصہ بنیں اور ملک و قوم کی ترقی کی حوالے سے اپنا کلیدی کردار سرانجام دیں، انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار کرنے کیلئے بہت زیادہ سرمایہ کی نہیں بلکہ ایک بہترین آئیڈیا، محنت اور بھر پور عزم کی ضرورت ہوتی ہے، تقریب کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر شازیہ اور سینئر پروفیسر ڈاکٹر شعیب نے شرکاء سے خطاب کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے اس طرح کے پروگرام کا انعقاد تواتر سے ہوتے رہنا چاہئے ، اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کو نئے چیلنجز سے بھی مقابلہ کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں، تقریب کے احتتام پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ سے نوازا، سیمینار میں سینئر اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں