پنجاب یونیورسٹی ٹیم کی بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی

منگل 8 جنوری 2019 19:55

لاہور۔8 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجیئنرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر منظوراور انسٹی ٹیوٹ آف جیالوجی سے رمشہ رئوف اور حماس الغنی پر مشتمل ٹیم نے گوانگ ڈونگ پولی ٹیکنیک آف انڈسٹری اینڈ کامرس گوانگزو چائنہ کے زیر اہتمام منعقدہ ’بین الاقوامی سروینگ سکل کمپیٹیشن2018 ء‘ میں شرکت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیااور ٹاپ پوزیشنز جیت لیں۔

ان مقابلوں میں پاکستان نے سیکنڈ کلاس لیولنگ میں پہلی پوزیشن، ٹوٹل سٹیشن لوفٹنگ میں تیسری اور مقابلے میں حصہ لینے والے 9ممالک میں اوورآل دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ پنجاب یونیورسٹی شعبہ میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجیئنرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر منظورنے بہترین انسٹرکٹر مقابلے کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اخترنے سائوتھ سروینگ اینڈ میپنگ انسٹرومنٹ کمپنی لمیٹیڈ کی طرف سے تدریسی عمل میں بہتری کیلئے بطور انعام حاصل کردہ سائوتھ ٹوٹل سٹیشن آلات کا سیٹ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف جیالوجی پروفیسر ڈاکٹر شاہد جمیل ثمینی کو پیش کیا۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ اور پروفیسر ڈاکٹر شاہد غازی کے علاوہ انعام حاصل کرنیوالے ٹیم ممبران بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے بہترین کارکردگی دکھانے پر ٹیم ممبران کو مبارک باد پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں