قوم25جولائی کو بلے پر مہر لگاکر ظالموں کا محاسبہ کریں‘ولید اقبال

قوم کے بچوں پر اپنے تین بچوں کو ترجیح دینے والے نوازشریف اور ان کے ہمنوائوں کو انکے انجام سے دوچار کریں

اتوار 22 جولائی 2018 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر اور سنیئر مرکزی رہنما ولید اقبال نے کہا ہے کہ قوم25جولائی کو بلے پر مہر لگاکر ظالموں کا محاسبہ کریں، قوم کے بچوں پر اپنے تین بچوں کو ترجیح دینے والے نوازشریف اور ان کے ہمنوائوں کو انکے انجام سے دوچار کریں۔ قوم ختم نبوتؐ والی سازش نہیں بھولی۔

وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131میں انتخابی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے جبکہ سنیئر مرکزی رہنما عمر سرفراز چیمہ اور دیگر رہنما بھی سینکڑوں کارکنان اس موقع پر موجود تھے۔ ولید اقبال نے کہاکہ نوازشریف نے اپنے تین بچوں کیلئے تیس سال لوٹ مار کی، ملک کا سارا خزانہ اپنے بچوں کے قدموں میں ڈھیر کیاانہیں قوم کی مائوں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں اورجوانوں کی پرواہ نہیں تھی۔

(جاری ہے)

نوازشریف بلکہ سارا شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں انہیں کوئی غیر ملکی طاقت اب نہیں بچاسکتی وہ چاہے جتنی مرضی ملک و قوم کیخلاف سازشیں کرلیں، ان کا انجام بخیر نہ ہوگا۔ عمرسرفراز چیمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حلقہ این اے 131سے عمران خان کو بڑی اچھی امیدیں وابستہ ہیں، عوام پچیس جولائی کو بلے پر مہر لگاکر ملک اور دین دشمنوں کو ٹھکرادیں، انہوں نے کہا کہ بیس سال پہلے جب شریف خاندان ملکی خزانہ لوٹ کر باہر لیجارہا تھا اس وقت عمران خان اپنے ملک و قوم کیلئے جدوجہدکررہے تھے۔ قوم کوچاہئے کہ وہ غداروں کو پہچانیں جو لوٹ مارکی دولت بچانے کیلئے غیر ملکی طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اورآج ملک کاکوئی بھی ادارہ ان کے شر سے محفوظ نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں