تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس (آج ) طلب ،عمران خان کو وزیراعظم کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا جائیگا

آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد تعداد 125 ہوگئی ہے ،بی این پی کی حمایت کے بعد نمبر177ہو جائیں گے ‘ ترجمان فواد چوہدری

اتوار 5 اگست 2018 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو وزیراعظم کا باضابطہ امیدوار نامزد کرنے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (پیر) کے روز طلب کرلیا۔ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے مطابق پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پیر کے روز بنی گالہ میں طلب کیا گیا ہے جس میں تمام منتخب ارکان کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت گئی ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عمران خان کو وزیراعظم کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا جائے گا۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 125 ہوگئی ہے جبکہ وزیراعظم کے لیے اتحادیوں، خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ تحریک انصاف کا نمبر 174 تک جا پہنچا ہے جو اپوزیشن سے زیادہ ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت کے بعد نمبر گیم 177 تک پہنچ جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں