پی ٹی آئی کواسپیکرانتخاب میں ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ

ہمارے علم میں آیا ہےاسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے ہمارے ایم این ایز سے رابطے کیے جا رہے ہیں، ہم ارکان اسمبلی سے رابطوں کی انکوائری کررہے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 اگست 2018 19:22

پی ٹی آئی کواسپیکرانتخاب میں ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اگست 2018ء) : تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے ہارس ٹریڈنگ کے خدشات کا اظہار کردیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے انکشاف کیا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے ہمارے ایم این ایز سے رابطے کیے گئے ہیں،ہم انکوائری کررہے ہیں کہ کن ایم این ایز سے رابطے کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہمارے ایم این ایز کو توڑنے کیلئے ان سے رابطے کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی تحقیقات کریں گے۔ دراصل تحریک انصاف کو خدشہ ہے کہ سینیٹ الیکشن کی طرح ممبران اسمبلی کی خریدو فروخت نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

جس سے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر یا پھر کسی ایک سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اپنے ایم این ایز کو باور بھی کروایا ہے کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے انتخابات کے سلسلے میں کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے امیدواروں کیلئے خفیہ ووٹنگ ہوگی۔ جس میں کوئی بھی کسی اپنے من پسند امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرسکتا ہے جبکہ وزیراعظم کیلئے اوپن ووٹنگ ہوتی ہے۔ دوسری جانب فواد چودھری نےمزید کہا کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کیلئے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے قاسم سوری کونامزد کیا گیا ہے۔اسی طرح مشتاق غنی اسپیکر خیبرپختونخواہ اور محمود جان کو ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی نامزد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فیصلوں کا مرکز پارلیمنٹ کو بنانے کا اعلان کررکھا ہے۔عمران خان پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن نے بڑے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا عمران خان نے بھی خود جا کر اپوزیشن سے مصافحہ کیا۔اپوزیشن کی ذمہ داری سے حکومت بھی بہتر کام کرے گی۔ ہم اپوزیشن کے ساتھ ملکر اس طرح کا ماحول بنائیں گے کہ دونو ں ملکر کام کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں