سینئر وزیر نے ہر ڈویژنل ہیڈ کو آرٹر پر ایک ہفتے میں کلین پنجاب مہم مکمل کرنے کا ٹارگٹ دے دیا

مستقل صفائی ستھرائی کیلئے ہر ڈویژن میں فوکل پرسن ،مانیٹرنگ سسٹم اور ٹھوس میکنزم تشکیل دیں ایک ماہ کی مہلت دی اب کام کر کے دکھانا ہوگا ،کوتاہی پر سخت کاروائی ہو گی ‘عبدالعلیم خان

منگل 9 اکتوبر 2018 21:26

سینئر وزیر نے ہر ڈویژنل ہیڈ کو آرٹر پر ایک ہفتے میں کلین پنجاب مہم مکمل کرنے کا ٹارگٹ دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے ہر ڈویژنل ہیڈ کو آرٹر پر ایک ہفتے میں کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو مکمل کیا جائے اور اس ٹارگٹ کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ،پنجاب حکومت کے اقدامات کے علاوہ وزیر اعظم کی طرف سے بھی شہروں کی حالت درست کرنے کے احکامات جاری ہو چکے ہیں جن پر100فیصد عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا ۔

یہاں 90شاہرائے قائد اعظم پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر نے سیکرٹری بلدیات سے صوبے کے تمام 36اضلاع میں اس مہم کے سلسلے میں باقاعدہ ہدایات جاری کرنے کیلئے کہا،انہوں نے کہاکہ وہ آئندہ ہفتے ہر ڈویژنل ہیڈ کو آرٹر کا خود بھی دورہ کریں گے اور انتظامیہ کی بجائے اپنے روٹ کا خود انتخاب کریں گے ، سینئر وزیر نے ہر ڈویژن کیلئے فوکل پرسن لگانے اور اُس کے ذریعے مانیٹرنگ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے کہا کہ مستقل صفائی ستھرائی کیلئے ٹھوس میکنزم تشکیل دیا جائے تاکہ شہریوں کوصحت مندانہ ماحول فراہم کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اس مہم میں تمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل کی جا سکے ،عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کلین اینڈ گرین پنجاب کی مہم میں مکمل فرض شناسی کا مظاہرہ کریں بصورت دیگر کاروائی کا شکوہ نہ کریں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب کی زیر صدارت پنجاب کے وزراء کو نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ سیشن منعقدہوا جس میں ویلج کونسل سمیت نئے خدوخال پر تفصیلی بحث کی گئی اور وزراء صاحبان نے اپنے اپنے علاقوں کے حوالے سے فیڈ بیک دیا ، صوبائی وزراء ملک محمد انور ،میاں اسلم اقبال ،محسن لغاری ، حسنین بہادر دریشک ،میاں خالد محمود ،سردار آصف نکئی اور سعید الحسن شاہ نے اجلاس میں شرکت کی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ دور کے مفلوج بلدیاتی نظام کے مقابلے میں ایسا سسٹم لا رہے ہیں جس میں لوگوں کے مقامی مسائل کم سے کم وقت میں حل ہوں ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر مختلف جہتی مشاورت کا عمل جاری ہے اور انشاء اللہ اٹک سے لے کر راجن پور تک بلدیاتی نمائندوں کو یکساں حقوق حاصل ہونگے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ باہمی مشاورت کے ذریعے سفارشات کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے جس کی حتمی منظوری عمران خان دینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں