پیمرا:غلط خبرنشر کرنے پرنجی ٹی وی چینلزکونوٹسزجاری

پیمرا کا دنیا اورجیو نیوزسے 2 روز میں جواب طلب، دونوں ٹی وی چینلز نے وزیرخزانہ اسد عمراور وزیر مملکت شہریار آفریدی کے بارے گزشتہ روزبےبنیاد خبر نشر کی تھی، پیمرا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اکتوبر 2018 15:58

پیمرا:غلط خبرنشر کرنے پرنجی ٹی وی چینلزکونوٹسزجاری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اکتوبر 2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا نے وزیرِ خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر دنیا نیوز اور جیو نیوز کو نوٹسز جاری کردیے، دونوں نجی ٹی وی چینلز سے دو روز میں جواب طلب کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ جن ٹی وی چینلز نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیر خزانہ اسد عمر کی معاشی پالیسیوں پر اظہار عدم اطمینان اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے اپنے گھر میں سرکاری خزانے سے تزئین و آرائش کیلئے رقم خرچ کرنے کی خبریں نشر کی تھیں۔

(جاری ہے)

پیمرا نے جاری کردہ نوٹسز میں کہا ہے کہ نجی ٹی وی چینلز پرچلائی گئی یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کی فوری تردید کی جائے بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ ٹی وی چینلز کے لائسنس بھی معطل کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خا ن کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا غیررسمی مشاورتی اجلاس ہوا۔

جس میں ملک کی موجود اور انتہائی خراب معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی معاشی پالیسیوں پراظہار عدم اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کو اقتصادی صورتحال پر پیشگی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تھی۔ اسد عمر کو ہوم ورک مکمل کرکے رکھنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس منصوبہ بندی نہ ہونے سے عوامی ردعمل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک ہفتے میں قوم کواقتصادی صورتحال پراعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں قوم کوروشن مستقبل کی نوید بھی دیں گے۔ بعدازاں حکومت کی جانب سے ان خبروں کی تردید بھی کی گئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں