داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے انفراسٹرکچر اور پراجیکٹ کالونی کی تعمیر کے لئے معاہدہ

واپڈا اور چین کی کمپنی چائنا گانسو انٹرنیشنل کارپوریشن نے پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے معاہدے کی مالیت 4ارب 90 کروڑ روپے ہے ، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایریا میں 8مختلف کنٹریکٹس کے تحت تعمیراتی کام جاری ہے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:01

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے انفراسٹرکچر اور پراجیکٹ کالونی کی تعمیر کے لئے معاہدہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) واپڈا نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے پراجیکٹ کالونی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا ۔ کنٹریکٹ چینی کمپنی چائنا گانسو انٹرنیشنل کارپوریشن(سی جی آئی سی او پی) کو ایوارڈ کیا گیا جس کی مالیت 4ارب 90کروڑ روپے ہے۔واپڈا کے جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جاوید اختر اور سی جی آئی سی او پی کے پرنسپل آفیسر گوان وی نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ ، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور سی جی آئی سی او پی کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔واپڈا اور چینی کمپنی کے مابین طے پانے والے کنٹریکٹ کے تحت پراجیکٹ کالونی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سڑکوں کا نیٹ ورک ، پانی کی سپلائی ، بائونڈری وال اور سکیورٹی ٹاورز کی تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس کنٹریکٹ کی تکمیل کا دورانیہ تقریباً دو سال ہے۔

یہ امر قابل ذکرہے کہ داسو ہائیڈڑو پاور پراجیکٹ دو مراحل میں تعمیر کیا جائے گا ۔ پہلے مرحلے کی تعمیر کے لئے عالمی بنک جزوی فنڈز فراہم کررہا ہے ۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ تقریباً 5سال کی مدت میں مکمل ہوگا اور اس کی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو ہر سال 12ارب یونٹ سے زائد سستی پن بجلی مہیا ہوگی ۔ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر قومی نظام کو مزید 9ارب یونٹ سستی پن بجلی دستیاب ہوگی ۔

پہلے مرحلے کے مین سول ورکس پر تعمیر اتی کام 2017میں شروع ہوچکا ہے ، جبکہ پراجیکٹ ایریا میں 8مختلف کنٹریکٹس کے تحت تعمیراتی کام جاری ہے جن میں دائیں کنارے پر رسائی کے لئے سٹرک کی تعمیر ، پراجیکٹ ایریا میں شاہراہ قراقرم کی از سرنو تعمیر ، دبیر خواڑ ہائیڈل پاور سٹیشن سے داسو تک ترسیلی لائن اورگرڈ سٹیشن کی تعمیر او رپراجیکٹ متاثرین کے لئے ری سیٹلمنٹ سائٹس شامل ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ٹائون سے 7کلومیٹر با لائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جانے والا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ملک اور صوبہ خیبر پختونخوا دونوں کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی بدولت سستی پن بجلی کے ذریعے ملکی اقتصادیات مستحکم ہو گی اور خیبر پختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں