سٹی ٹریفک پولیس کا ای چالان سسٹم ناکام ہو گیا

ایک ہی نمبر دو دو گاڑیوں پر استعمال ہورہا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اکتوبر 2018 12:12

سٹی ٹریفک پولیس کا ای چالان سسٹم ناکام ہو گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار، 20 اکتوبر 2018ء) : ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے حال ہی میں ای چالان سسٹم متعارف کروایا تھا جس کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو ان کے گھروں میں ای چالان بھیجا جارہا تھا۔ لیکن بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کا ای چالان سسٹم ناکام ہو گیا ہے۔ ای چالان ہونے والی ہزاروں گاڑیوں کا ریکارڈ ہی موجود نہیں جبکہ ایک ہی نمبر دو دو گاڑیوں پر استعمال ہورہا ہے اور ایسی گاڑیوں کی تعداد ایک ہزار سے بھی زیادہ ہے۔

سیف سٹیز نے ریکارڈ ٹھیک کرنے کا مراسلہ بھجوادیا ہے۔ شہر میں ای چالاننگ کا منصوبہ 23 ستمبر سے شروع کیا گیا اور صرف ٹریفک سنگلز کی خلاف ورزی پر شہر کے 90 مقامات پر چالان کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ای چالان سسٹم کو غیر مؤثر بنانے میں محکمہ ایکسائز ہی پیش پیش ہے۔ سیف سٹیز حکام کی جانب سے ایکسائز حکام کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں 82 سو گاڑیوں کی تفصیلات کے بارے میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ ان گاڑیوں کا ایکسائز کے ڈیٹا میں ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے چالان وصول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایکسائز حکام گاڑیوں کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کریں تاکہ شہر میں ای چالان سسٹم کو مؤثر بنایا جائے۔ دوسری جانب سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایک ہزار سے زائد گاڑیاں ایسی ہیں جن میں سے دو دو گاڑیوں پر ایک ہی نمبر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اور ایسی تمام گاڑیوں کو سسٹم میں بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور متعدد پولیس اسٹیشنز میں بند بھی کروا دی گئی ہیں لیکن شہر میں پولیس کی پٹرولنگ اور ناکہ بندی صرف اور صرف خانہ پُری کی حد تک ہے، اس حوالے سے ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ جو ایڈریس شناختی کارڈ پر درج ہوتا ہے وہی سسٹم میں فیڈ کیا جاتا ہے، شہری اپنا ایڈریس بدلتے ہیں اور محکمہ ایکسائز کو آگاہ نہیں کرتے اور ایسے نمبرز جو دو گاڑیوں پر استعمال ہو رہے ہیں اس کی فہرست تاحال فراہم نہیں کی گئی جونہی یہ فہرست موصول ہو گی ان پر بھی سسٹم لاگو کر دیا جائے گا تاکہ گاڑی ٹرانسفر نہ ہو سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں