سابق ن لیگی سینیٹر سیف الرحمان کے فارم ہاوس پر چھاپہ،3 غیرقانونی گاڑیاں برآمد

پولیس اور کسٹم حکام کی جانب سے برآمد ہونے والی گاڑیوں کی قیمت 7 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 22 اکتوبر 2018 18:38

سابق ن لیگی سینیٹر سیف الرحمان کے فارم ہاوس پر چھاپہ،3 غیرقانونی گاڑیاں برآمد
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر 2018ء) پولیس اور کسٹم حکام نے سابق ن لیگی سینیٹر سیف الرحمان کے فارم ہاوس پر چھاپہ مار کر 3 غیرقانونی گاڑیاں برآمد کر لی ہیں ۔جن کی مالیت 7 کروڑ بتائی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ راولپنڈی میں واقع ریڈکو مل سے 21 غیر قانونی گاڑیاں برآمد کی گئی تھیں۔ ریڈکو مل سابق سینیٹر سیف الرحمان کی ملکیت ہے، جبکہ قبضے میں لی گئی غیر قانونی گاڑیوں کی ملکیت کا دعویٰ قطری شاہی خاندان کے شہزادے حماد بن جاسم نے کیا۔

اس حوالے سے قطر کے سفیر سقر بن مبارک المنصوری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سابق سینیٹر سلیف الرحمان کی فیکٹری سے برآمد ہونے والی 21 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قطری حکمران خاندان کے شیخ کی ملکیت اور شکار میں استعمال کے لئے قانونی طور پر پاکستان لائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم کسٹم حکام نے سفارتخانے اور فیکٹری مالک کی جانب سے گاڑیوں کی درآمد یا ملکیت کا ثبوت پیش نہ کرنے پر انہیں ضبط کرکے کسٹم ہاؤس اسلام آباد منتقل کر دیا تھا۔

اس حوالے سے ریڈکو ٹیکسٹائل ملز کے عہدیدارعرفان صدیقی نے ان گاڑیوں کے حوالے سے انکشاف کیا کہ قطری شہزادوں کو کبھی گاڑیاں استعمال کرتے نہیں دیکھا، گاڑیاں سیف الرحمان اور ان کے آدمی ہی استعمال کرتے تھے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پولیس اور کسٹم حکام نے ایک بار پھر ن لیگی سینیٹر کے فارم ہاوس پر چھاپہ مارا ہے جس کے نتیجے میں مزید تین پر آسائش قطری گاڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔ان گاڑیوں کی قیمت 7 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے اور یہ گاڑیاں بھی غیر قانونی انداز میں بیرون ملک سے لائی گئی ہیں۔ان گاڑیوں کو متعلقہ حکام نے قبضے میں لے لیا ہے۔یاد رہے کہ سیف الرحمان کے ہاں سے برآمد ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 26 ہو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں