حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں نیب میں پیش ہو گئے،سلمان شہباز بیرون ملک ہونیکی وجہ سے نہ آئے

نیب کے تین افسران نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک تفتیش کی ،سوالنامہ بھی دیا گیا ،ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت ‘ ذرائع کارکنوں نے حمزہ شہباز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،حق میں نعرے لگائے /کیاحمزہ شہباز کشمیر فتح کر کے آئے ‘ فیاض الحسن چوہان

جمعہ 9 نومبر 2018 16:34

حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں نیب میں پیش ہو گئے،سلمان شہباز بیرون ملک ہونیکی وجہ سے نہ آئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور کے دفتر میں پیش ہو گئے ۔نیب کی جانب سے سلمان شہباز کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب کے رو برو پیش نہ ہوئے ۔حمزہ شہباز کی آمد سے قبل ہی بڑی تعداد میں کارکن نیب لاہور کے دفتر کے باہر جمع ہو گئے جنہوں نے حمزہ شہباز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے لگائے ۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز تقریباً ڈھائی گھنٹے نیب کے دفتر میں رہے جہاں ان سے نیب کے تین افسران نے تفتیش کی ۔ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو ایک سوالنامہ بھی دیا ہے جس کا جواب ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہو رہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت بھی حاصل کررکھی ہے جبکہ ان کے والد اور سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف آشیانہ اقبال ہائوسنگ کیس میں زیر حراست ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کارکنوں کی جانب سے استقبال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ حمزہ شہبازنے اپنے اوپر پھولوں کی پتیاںنچھاور کروائیں۔ حمزہ شہباز کشمیر فتح کرکے آئے تھے جو وکٹری کا نشان بنا رہے تھے یاحمزہ شہباز بھارت کے لال قلعے پر پاکستان کا جھنڈا لگا کر آئے ۔ کل نیب کو کالا قانون کہہ کر آج اپنے اوپر پھولوں کی پتیاں نچھاور کروائی گئی ۔ ا نہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کارکنوں کی تربیت کرو اور انہیں بتائوکہ چوری اور کرپشن کے کیس میں بلایا گیا ہوں، حمزہ شہباز کو دھرتی ماں کے خزانے کو لوٹنے کے جرم میں بلایا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں