مزدور طبقے کی خوشحالی ہی قومی ترقی کی ضامن،مزدور دوست اقدامات اولین ترجیح ہیں‘انصر مجید خان

پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کو مثالی ادارہ بنائیں گے،ملازمین کے مسائل حل ہوں گے‘صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل

جمعہ 9 نومبر 2018 16:41

مزدور طبقے کی خوشحالی ہی قومی ترقی کی ضامن،مزدور دوست اقدامات اولین ترجیح ہیں‘انصر مجید خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا ہے کہ مزدور طبقے کی خوشحالی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے جس کے لئے مزدور دوست اقدامات موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،محنت کشوں کی فلاح و بہبود، حقوق کا تحفظ،تعلیم وصحت کی سہولیات یقینی بنانے کے لئے سوشل سکیورٹی کو ایک مثالی فلاحی ادارہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے یہ بات پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوٹ سٹاف فیڈریشن پنجاب کے نونو منتخب عہدیداران کی تقریف حلف برداری کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کمشنر سوشل سیکورٹی ثاقب منان اور ایم ایس سوشل سیکورٹی ہسپتال ملتان روڈ ڈاکٹر خالد محمودبھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیرمحنت انصر مجید خان نے فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ سید جاویدحیدر کاظمی، چیئرمین محمد مزمل اشرف ، صدر اشتیاق احمد گجر،سیکرٹری جنرل میاں رب نوازوٹو، چیئر مین سُپریم ڈسپلنری ایگزیکٹو کمیٹی اختر علی مکی ، چیئر مین فرحان علی بھٹی ، چیئر مین نرسنگ ایسوسی ایشن رفعت بشیر گوندل اور دیگرنومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پنجاب بھر سے آئے پی ایس ایف کے عہدیداران نے بھر پور شرکت کی۔وزیر محنت انصرمجید خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بعض معاملات میںوفاقی حکومت کی طرف سے طے شدہ پالیسی نکات کی پیروی کرنا ہوتی ہے لہٰذا ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے تمام سٹیک ہولڈرزکی باہمی مشاورت اور حکومت پنجاب کی اجازت سے ہی کوئی حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انصرمجید خان نے ملازمین کے سالانہ دوران رخصت واجبات کی بحالی کے لئے سوشل سکیورٹی گورننگ باڈی سے منظوری لے کر دینے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارے کے ملازمین بھی بہرصورت مزدور طبقے کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر سوشل سکیورٹی ثاقب منان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملازمین کی ترقیوں کے معاملات فوری طے کرنے کے لئے خصوصی پروموشن سیل قائم کیا ہے اور وہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں