لاہور ،علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایس ایچ او سے 16 نومبر تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم

بدھ 14 نومبر 2018 22:32

لاہور ،علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایس ایچ او سے 16 نومبر تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) سیشن عدالت نے مذہبی جماعت کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او سے 16 نومبر تک ہر صورت میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد احمد خان کھرل نے سول سوسائٹی پاکستان کے سربراہ عبداللہ ملک کی علامہ خادم حسین رضوی و دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم کے باوجود ایس ایچ او تھانہ سول لائنز نے رپورٹ جمع نہ کرائی. عدالت نے عدالتی حکم کی خلاف ورذی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سول لائنز کو 16 نومبر تک ہر صورت رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار عبداللہ ملک نے موقف اختیار کیا کہ علامہ خادم حسین رضوی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ سول لائنز میں دی لیکن پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ آسیہ بی بی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری نے ملک جام کرتے ہوئے ججز، آرمی چیف اور وزیر اعظم کے خلاف متنازعہ بیانات دئیے اس لئے عوام کو بغاوت پر اکسانے پر عدالت پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے اور عملدرآمد رپورٹ طلب کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں