قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:30

لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) قومی ہاکی ٹیم کی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے فیڈریشن حکام کو ورلڈکپ سے پہلے کہا تھاکہ میں صرف ورلڈکپ کے لئے دستیاب ہوں اور مزید ذمہ داری نہیں نبھائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم اس وقت دنیا میں تیسرے درجے کی ہاکی کھیل رہی ہے، اگر ہاکی پر توجہ نہیں دینی تو اس کو بند کردیا جائے۔ ہاکی بند کرنے سے کم از کم ہاکی کا یاد گار ماضی لوگوں کی نظروں میں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کی موجودہ صورت حال کے ہم سب ذمہ دار ہیں ۔سابق اولمپئنز نے ہاکی فیڈریشن کو جاب سینٹر بنارکھاہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کو ہاکی کی طرف توجہ دینی چاہئے ۔

ٹیم میں بہتری کے لئے تبدیلیاں کرنا ہوں گی ۔توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ پر جانے سے پہلے جب ہم بھیک مانگ رہے تھے تو اس وقت ہمیں کسی نے نہیں پوچھا۔واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی تھی ۔قومی ٹیم نے چار میچز کھیلے جس میں سے تین ہارے اور ایک برابر رہا ۔قومی ہاکی ٹیم نے جرمنی ،ہالینڈ اور بیلجیم کے خلاف شکست کھائی جبکہ ملائشیا کے خلاف میچ برابر کیا ۔

ورلڈ کپ میںناقص کارکردگی پر پی ایچ ایف کو سخت تنقید کا سامنا ہے اور عہدیداران پر اپنے استعفی دینے کا دبائو بڑھ رہا ہے ۔ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئر (ر)خالد سجاد کھوکھر کھوکھر نے ورلڈکپ میں قومی ہاکی ٹیم کی شکست پر چار رکنی تحقیقاتی کمیشن بنایا تھا جو کہ ٹیم کی شکست کی تحقیقات کرے گا کمیشن کے سربراہ سابق اولیمپئن رشید جونئیر ہیں جبکہ دیگر ارکان میں منظور الحسن سینئر،شاہد علی خان اور ماجد بشیر شامل ہیں کمیشن تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پندرہ روز میں مکمل کرکے پی ایچ ایف کو دے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں