شعبہ تعلیم کیلئے 373 ارب روپے مختص،بے مثال اقدامات سے تعلیمی منظرنامہ بدلیں گے‘عثمان بزدار

تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے پنجاب میںاعلیٰ معیار کی 3 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ،یہ یونیورسٹیاں شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں بنیں گی ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی‘وزیراعلیٰ کی مختلف وفود سے گفتگو

بدھ 9 جنوری 2019 21:54

شعبہ تعلیم کیلئے 373 ارب روپے مختص،بے مثال اقدامات سے تعلیمی منظرنامہ بدلیں گے‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ رواں مالی برس شعبہ تعلیم کیلئے مجموعی طور پر 373 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور ہماری حکومت نے تعلیمی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے جبکہ سابق ادوار میں تعلیم کے شعبہ کے حوالے سے زبانی جمع خرچ زیادہ کیا گیا۔

وہ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر پائیدار اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے کیونکہ شعبہ تعلیم کا پائیدار فروغ ہی کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور تعلیم کی بدولت ہی ترقی یافتہ ممالک نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیاہے۔

(جاری ہے)

علم ایک ایسی دولت ہے جو کسی کی میراث نہیں ہے بلکہ ہر کسی کا بنیاد ی حق ہے اور ہماری حکومت یہ حق عام آدمی کے بچوں کو دے کر دم لے گی۔

انہوں نے کہا کہ غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے مسائل سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے اور یہی وجہ ہے کہ تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ قوموں کی ترقی میں عالمی معیار کی یونیورسٹیاں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ہماری حکومت نے اسی حوالے سے پنجاب میںاعلیٰ معیار کی 3 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ یونیورسٹیاں شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں بنیں گی۔

نئی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈیز کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے شعبہ ہائر ایجوکیشن کو نئے چیلنجز سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ شعبہ تعلیم کیلئے مقررکردہ اہداف حاصل کریں گے اور ہمارے بے مثال اقدامات سے صوبے میں تعلیمی منظرنامہ یکسر بدل جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں