وزیر اعظم آئندہ ہفتے ریلویز ٹریکنگ سسٹم کا افتتاح کریں گے، پچیس جنوری کو نئی دوفریٹ ٹرینوں کا بھی افتتاح ہوگا

ریلوے کی کارکردگی بہتر بنا نے کے لیے آئندہ ماہ خود ٹرینوں میں سفر کروں گا،بغیر ٹکٹوں سفر کرنے والوں کو جرمانے کے ساتھ جیلوں میں بند کیا جائے گا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 19 جنوری 2019 17:00

لاہور۔19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلویز نے نیا ٹریکنگ سسٹم متعارف کروا دیاہے، وزیر اعظم آئندہ ہفتے اس کا افتتاح کریں گے ،محکمہ کے انتطامی ڈھانچہ کی تنظیم نو کر تے ہوئے پانچ کمپنیوں کو دو کمپنیوں میں تبدیل کریں گے جن میں ریل کاپ اورریڈیمکو شامل ہیں جبکہ پچیس جنوری کو نئی دوفریٹ ٹرینوں کا کراچی سے افتتاح کیا جائے گا ، اگلے ماہ سے میں خود ٹرینوں میں سفر کروں گااور سٹیشنوں پر سویا کروں گا تاکہ ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنا سکوں۔

وہ اتوار کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ریلوے میں ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ صفائی اور خوش اخلاقی مہم کا آغاز کر رہے ہیں ، پندرہ فروری تک اسلام آباد میں ریلوے شکایت سیل قائم کر دیا جائے گا جو چو بیس گھنٹے کھلا رہے گا جہاں پر متاثرین فون اور ویب سائٹ کے ذریعے شکایات درج کروا سکیں گے جن کا فوری ازالہ کیا جائے گا،انہوں نے مز ید بتا یاکہ بیس ٹرینیں چلانی ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام ریلوے سٹیشنوں پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے ، عوام کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں، اپنے مقرر کردہ ٹارگٹ سے آگے ہیں،حالیہ کارروائیوں سے بغیر ٹکٹ سفر میںکمی ہوئی ہے ، بغیر ٹکٹوں سفر کرنے والوں کی وجہ سے فی ہفتہ چھ کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اگلے ماہ سے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کو جرمانہ کے ساتھ لاک اپ اور جیلوں میں بند کیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ فروری میں سات ریلوے سٹیشنوں کی تزئین و آرائش کریں گے جبکہ کیٹرنگ کے لیے نئے ٹھیکے دیے جا رہے ہیں جس میں صفائی کا ٹھیکہ بھی شامل ہے ، ریلوے انجنوں کے ساتھ چار ہزار ہارس پاور لوکو موٹیو لگانے کے متعلق ایک سوال پر وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمارے پلیٹ فارم چھوٹے ہیں اس لیے اس پر عمل درآمد مو خر کر دیا گیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں