ْسانحہ ساہیوال ، زخمی بہن بھائی کی جنرل ہسپتال میںحالت تسلی بخش ، پرائیویٹ روم میں منتقل

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پربچوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ‘ پرنسپل و ایم ایس ایل جی ایچ کی گفتگو

اتوار 20 جنوری 2019 17:20

ْسانحہ ساہیوال ، زخمی بہن بھائی کی جنرل ہسپتال میںحالت تسلی بخش ، پرائیویٹ روم میں منتقل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سانحہ ساہیوال کے زخمی بچوں عمیر خلیل اور منیبہ خلیل کو لاہور جنرل ہسپتال میں بہترین علاج معالجے کی سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔اتوار کی صبح:15 5بجے ان زخمی بچوں کی ہسپتال آمد سے قبل ہی پرنسپل پروفیسر محمد طیب ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ،ڈائریکٹر ایدمنسٹریشن ڈاکٹر رانا محمد شفیق اورڈاکٹروں اور نرسز کے ہمراہ ایمر جنسی پہنچ چکے تھے جہاں 10سالہ عمیر خلیل کے سر سے شیشہ نکالا گیا جبکہ گولی اُس کی ٹانگ سے پہلے ہی آر پار ہو چکی تھی۔

اسی طرح 6سال منیبہ خلیل کے دائیں بازو پر شیشہ لگنے کے باعث زخم تھے ،دونوں بچے ہوش میں اور اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے ان زخمی بہن بھائی کی مناسب دیکھ بھال و نفسیاتی علاج کو یقینی بنانے کیلئے 6رکنی اعلیٰ سطحی میڈیکل بورڈ قائم کرنے کا اعلان کیا جس کے سربراہ پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر فاروق افضل ہونگے جبکہ ہیڈآف پیڈز پروفیسر آغا شبیر علی ، پروفیسر آف سائیکاٹری ڈاکٹر الطاف قادر ، ایسوسی ایٹ پروفیسر سرجری ڈاکٹر آمنہ جاوید،ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈائریکٹر ایمر جنسی رانا محمد شفیق اس میڈیکل بورڈ کے ممبران میں شامل ہیں۔

گزشتہ دوپہردونوں بچوں کی حالت تسلی بخش ہونے پر انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز یونٹ IIکے پرائیویٹ روم میں منتقل کر دیا گیا ۔پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیںجو24گھنٹے ان بچوں کے پاس ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر ایمرجنسی رانا محمد شفیق تمام معاملات کی نگرانی کریں گے ۔ پرنسپل پروفیسر محمد طیب اور ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بچوں کے مامو ںنعیم اور اُن کے چچا عمران سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ان بچوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ساہیوال کا واقعہ کسی سانحہ سے کم نہیں اور دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہم سب غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں اور اُن کی تکلیف کو کم کرنے کیلئے تمام وسائل برؤئے کار لائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں