سانحہ ساہیوال ، آئی جی پنجاب کو تبدیل کروانے کے لیے متحرک لابی ناکام

آئی جی پنجاب نے نہ صرف بروقت ایکشن لیا، بلکہ وہ پورے معاملے میں متحرک بھی رہے۔ رپورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 جنوری 2019 10:52

سانحہ ساہیوال ، آئی جی پنجاب کو تبدیل کروانے کے لیے متحرک لابی ناکام
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2019ء) : سانحہ ساہیوال کو بنیاد بنا کر آئی جی پنجاب کو تبدیل کروانے کے لیے متحرک لابی گذشتہ روز جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد بُری طرح ناکام ہو گئی۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ آئی جی پنجاب نے سانحہ ساہیوال نہ صرف بر وقت اس پر ایکشن لیا بلکہ وہ پورے معاملے میں متحرک بھی رہے ۔ ذرائع کے مطابق آ ئی جی پنجاب کو فارغ کرنے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ایک ایم پی اے نے نہ صرف اسمبلی اجلاس کے بعد یہ کہہ بھی دیا تھا کہ آ ئی جی پنجاب فارغ ہو رہے ہیں بلکہ اس کے لیے باقاعدہ لابنگ کا بھی آغاز کیا گیا، اور امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے فوری بعد آئی جی پنجاب کو تبدیل کر دیا جائےگا ۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک اعلیٰ پولیس افسر کو مبارکباد بھی دی جا رہی تھی کہ اگلا آئی جی انہیں تعینات کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کچھ پولیس افسران اور دو سول خفیہ اداروں کے افسر بھی اس میں کردار ادا کر رہے تھے ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی میٹنگ میں بھی جب اس پر بات ہو ئی تو اس وقت بھی اس سازش کو نہ صرف ناکام کیا گیا بلکہ ایک اہم شخصیت نے کہا بھی کہ اگر آئی جی کو بھی ہٹا دیتے ہیں تو لوگوں میں ہمارا اعتماد مزید بڑھے گا۔

جس پر دیگر نے کہا جس کا اس سب سے تعلق ہی نہیں اس کو کسی کی خواہش پر تبدیل نہیں کیا جا سکتا ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کی قربانی بچانے میں پنجاب کی اہم ترین شخصیت نے بھی اپنا کردار ادا کیا اور آئی جی پنجاب کے خلاف ہونے والی اس سازش کو ناکام بنایا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد آئی جی پنجاب کو تبدیل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

سانحہ ساہیوال کو مس ہینڈل کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت جاری کی کہ آئی جی پنجاب کو تبدیل کردیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر مطمئن نہیں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پر ہی آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھالیکن وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں نے انہیں مشورہ دیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے تک کا انتظار کر لیں۔ تاہم گذشتہ روز جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے لیے شروع کی گئی لابنگ کو ناکام بنا دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں