خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع

راستے بند کرنے پرعدالت کا اظہار برہمی فوری راستے کھولنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 مارچ 2019 10:35

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 مارچ۔2019ء) لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی ہے. تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، خواجہ سلمان رفیق کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا.

عدالت میں سماعت کے آغاز پر جیل حکام نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست عدالت میں جمع کرائی، احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس تو نہیں چل رہا ہے؟ خواجہ سلمان رفیق نے عدالت کو بتایا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس ہے، خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں ہیں.

(جاری ہے)

نیب حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسربیمار ہے، عدالت پیش نہیں ہوسکتا، معزز جج نے ریمارکس دیے کہ اس کی جگہ کوئی اورتفتیشی پیش ہوجائے، عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر حاضر ہونا چاہیے.عدالت نے سماعت کے دوران ملزمان کی پیشی پر راستے بند کرنےاور لوگوں کوپریشان کرنے پرنوٹس لیا اور کہا کہ لوگ یہاں پر ذلیل ہورہے ہیں سکیورٹی کے نام پر عوام کو کیوں ذلیل کیا جا رہا ہے.

اس موقع پر عدالت نے سیکورٹی انچارج کو کمرہ عدالت میں طلب کیا اور کہا کہ جس نے پورا لاہور بند کیا ہوا ہے اسے کمرہ عدالت میں لائیں‘احتساب عدالت کے جج نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ کیا تماشا ہے پورا لاہور بند کر دیا ہے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے. جس پر ایس ایچ او اسلام پورہ نے بتایا کہ ایس پی سیکورٹی کے حکم پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں اس پر عدالت نے کہا کہ اگر آپ پولیس والے بن کر کھڑے ہوجائیں تو کسی کی جرات ہے کہ وہاں سے گزر جائے؟عدالت نے کہا کہ بہت ہوگیا اب بس کریں لوگوں کو ذلیل کرکے رکھا ہوا ہے فوری طور پر تمام راستے کھولیں جائیں.

احتساب عدالت نے پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے 4 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا. عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 60 سال پرانی بکتر بند میں لایا جاتا ہے، کمر میں درد ہے اور علاج نہیں کروایا جارہا.

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کسی ہسپتال نہیں جانا مگر عدالت آنے میں تکلیف کا سامنا ہے‘احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی تھی. خیال رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو نیب نے گزشتہ برس 11 دسمبر کو اس وقت حراست میں لیا تھا جب احتساب عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی.خواجہ برادران کو پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا اور دونوں بھائی پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے.

نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے. دوسری جانب سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پیراگون میں خواجہ برادران کے شراکت دار قیصر امین بٹ نے اپنی حراست کے دوران نیب کو بتایا کہ پیراگون سوسائٹی کے کمرشل پلاٹوں کو فروخت کر کے 14 ارب روپے کمائے گئے، سال 2003 میں پیراگون کو ٹی ایم اے سے سعد رفیق نے دباﺅ ڈال کر رجسٹرڈ کرالیا. قیصر امین بٹ کے مطابق پیراگون کے کاغذات میں وہ خود اور ندیم ضیا مالک ہیں مگر خواجہ برادران ہی پیراگون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں