ملک میں لاکھوں فرزندان توحید آج اعتکاف پر بیٹھ گئے

معتکفین آخری عشرہ مساجد میں گزاریں گے، معتکفین کو سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی، عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف اٹھ جائیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 مئی 2019 21:13

ملک میں لاکھوں فرزندان توحید آج اعتکاف پر بیٹھ گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2019ء) ملک بھرمیں لاکھوں فرزندان توحید 20 رمضان المبارک بروز اتوارکو اعتکاف کی سعادت کیلئے بیٹھ گئے ہیں، اعتکاف کے سعادت مند آخری عشرہ مساجد میں گزاریں گے،معتکفین کو سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی، عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اللہ کی خاص رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کے لئے ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں ۔

اعتکاف کے لیے لوگ 20 رمضان المبارک کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا، ہر مسجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لیے تیاریاں کی گئی ہیں ، مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے معتکفین کو سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ہرسال کی طرح اس سال بھی سینکڑوں افراد اعتکاف بیٹھے ہیں ، کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں ہزاروں لوگ اعتکاف میں شرکت کررہے ہیں ۔

لاہور میں بادشاہی مسجد اور جامع مسجد داتا دربار سمیت اہم مساجد میں اعتکاف کے حوالے سے تیاری مکمل ہیں، سب سے زیادہ 15 ہزارسے زائد افراد منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر اعتکاف میں معتکف ہوگئے ہیں ۔اسی طرح جامع مسجد داتا دربار میں 2100 سے زائد افراد اعتکاف میں بیٹھے ہیں ۔ماہرین فلکیات کے مطابق رواں برس ماہ رمضان 29 ایام پر مشتمل ہونے کا امکان ہے، منگل 4 جون کو شوال المکرم کا چاند نظر آجائے گا، اس طرح عیدالفطر بدھ 5 جون کو ہوگی۔ تاہم ابھی واضح نہیں کہ عید الفطر پانچ جون کو ہوگی یا پھر 30روزے پورے ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں