ہم ایڈ کی نہیں ٹریڈ کی بات کرنے امریکہ آئے ہیں، اس لیے خود داری سے بات کریں گے

اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان ایسا کوئی وعدہ نہیں ہو گا جو پورا نہ ہو سکے،شاہ محمود قریشی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 21 جولائی 2019 04:55

ہم ایڈ کی نہیں ٹریڈ کی بات کرنے امریکہ آئے ہیں، اس لیے خود داری سے بات کریں گے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2019ء)   وزیر اعظم عمران خان امریکہ پہنچ چکے جہاں انہوں نے آج ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنی ہے۔اس دورے سے قوم کوکافی امیدیں وابسطہ ہیں اور امریکہ کے ساتھ تعلقات ایک نئے فیز میں داخل ہونے کی امید بھی۔اسی دورے کی افادیت اور موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایڈ کی نہیں ٹریڈ کی بات کررہے ہیں، اس لیے امریکا میں امداد مانگنے نہیں بلکہ نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ساتھ واشنگٹن آئے ہیں۔

امن و استحکام کی بات کررہے ہیں اور واشنگٹن سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جو پورا نہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم مشکل معاشی صورت حال سے دوچار ہے جو ورثے میں ملی ہے لیکن دورہ امریکا میں خود داری سے بات کریں گے اور عمران خان امریکا میں پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج تک ہوٹلوں کے بند کمروں میں کمیونٹی اجلاس ہوتے رہے ہیں۔

امریکا میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی عمران خان کو سننا چاہتی ہے اور وہ نئے پاکستان کے تصور سے آگاہ ہونا چاہتی ہے۔وزیرخارجہ نے بتایا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کا اتنا بڑا ایونٹ پہلے کبھی نہیں ہوا۔وزیراعظم عمران خان کو گرائونڈ میں سننے کے لیے اب تک 19ہزار افراد نے رجسٹریشن کرالی ہے۔شیڈول کے مطابق عمران خان ’کیپٹل ون ارینا‘ اسٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی سے آج خطاب کریں گے۔

افغان امن سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن امریکا اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مفاد ہے۔افغانستان میں امن و استحکام کے لیے امریکا سے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان کا پڑوسی نہیں البتہ بھارت نے افغانستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔ہم جنوبی ایشیا میں ترقی کا راستہ کھولنے کے لیے ہرسطح پرکوشش کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حال ہی میں ہونے والے کرتارپور راہداری منصوبے کے دوسرے دور کی مثبت پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورہ پر امریکا پہنچ چکے ہیں جہاں وہ وائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں