نئے پاکستان میں شادی بھی 'مہنگی' ہو گئی

پارکوں میں شادی اور دیگر تقریبات کیلئے فیسوں میں 50 فیصد اضافہ کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 12 ستمبر 2019 13:23

نئے پاکستان میں شادی بھی 'مہنگی' ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر 2019ء) : پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے بھی مہنگائی کے ماری عوام پر ایک اور بم گرا دیا ہے۔ پارکوں میں شادی اور دیگر تقریبات کے لیے فیس بڑھا دی۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی ایچ اے کی جانب سے پارکوں میں شادی کی تقریبات کی فیسوں میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری کی فیس 15 ہزار 400 روپے سے بڑھا کر 24 ہزار720 کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پارکوں میں فوٹو گرافی کی فیس کو 23 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار کر دیا گیا ہے جبکہ بی کیٹیگری کی فیس 7700 بڑھا کر 15 ہزار 440 روپے کر دی گئی ہے۔پارکوں میں شادی اور دیگر تقریبات کے لیے فیس بڑھانے سے قبل دلہوں کے لیے بھی ایک بری خبر سامنے آئی تھی۔بتایا گیا تھا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں دلہا پر ٹیکس عائد کرنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں دلہوں پر بھی ٹیکس لگانے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ۔ اس حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ ذرائع نے کہا کہ نکاح کے موقع پر دس ہزار سے زائد حق مہر دینے والے دلہوں سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ یہ ٹیکس نکاح خوان کی وساطت سے متعلقہ یونین کونسل وصول کرے گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت نے شادی ہالز اور دلہا دلہن کے والدین پر ٹیکس عائد کیا تھا جس کے خلاف شہریوں نے عدالت سے بھی رجوع کیا تھا تاہم اب حکومت نے دلہوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

جس کی حتمی منظوری کے بعد دس ہزار سے زائد حق مہر دینے والے دلہوں پر ٹیکس کی ادائیگی لازم ہو گی۔ اس خبر پر شہریوں نے ملے جُلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دلہوں پر ٹیکس عائد کرنا کسی ظلم سے کم نہیں ہے۔ شادی اخراجات کی وجہ سے پہلے ہی دونوں خاندان پریشان ہوتے ہیں ایسے میں اب یہ نیا ٹیکس ناقابل قبول ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں