احتجاج کا واویلہ کرنے والوں کے پاس عوام کی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں‘عثمان بزدار

تبدیلی سے خائف عناصر کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا، آئندہ بھی کریں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احتجاج کا واویلہ کرنے والوں کے پاس عوام کی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں، ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔وزیر اعلی پنجا ب سردار عثمان بزدار نے احتجاجی کال دینے والوں کو کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت انتشار کی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے، حقیقی تبدیلی کے لئے شب و روز محنت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی منزل کے حصول کا سفر شروع ہو چکا ہے، سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث معیشت کا بیڑا غرق ہوا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تبدیلی سے خائف عناصر کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا، آئندہ بھی کریں گے، نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے، ہم سب نے مل کر آگے بڑھنا ہے اور تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے میرا رابطہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے، میں عوام سے ہوں اور ان کے مسائل جانتا ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں