غریب باپ نے قرضہ لے کر بیٹی کیلئے سڑک بنوا ڈالی

7ہزار امریکی ڈالر قرض اور اپنی زندگی کی جمع پونجی بھی سڑک بنانے میں لگا دی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 22 اکتوبر 2019 07:11

غریب باپ نے قرضہ لے کر بیٹی کیلئے سڑک بنوا ڈالی
استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2019ء)   باپ اور بیٹی کا ایسا مثالی رشتہ ہے کہ اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔باپ نے بیٹی کے لیے اور بیٹی نے باپ کے لیے کئی بار ایسی ایسی قربانیاں دی ہیں کہ سن کر آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔تاہم ترکی کے ایک شہری نے اپنی معصوم بچی کے لیے جس طرح کی مثال قائم کی ہے اس جیسی مثال پہلے کبھی نہیں سنی۔

ایسے واقعات تو کئی بار سنے ہیں جیسے انڈیا میں بھی ایک شخص نے آنے جانے کی رکاوٹ دور کرنے کے لیے تن تنہا پہاڑ کو کاٹ کر اس سے راستہ بنا ڈالا تھا مگر ترکی کے اس شخص نے اپنی بیٹی اور گاﺅں کی دیگر بیٹیوں کی آسانی کے لیے اپنی اوقات سے زائد قرض لے کر سڑک بنا دی تاکہ وہ آسانی سے تعلیم حاصل کرسکیں۔ترکی کے ایک دور دراز دیہات میں رہنے والے باپ نے اپنی بیٹی کو اسکول پہنچانے کیلئے قرض لے کر 4 کلومیٹر سڑک بنائی۔

(جاری ہے)


ترک میڈیا کے مطابق رمضان نامی شخص نے اپنی بیٹی کی خاطر پوری زندگی کی جمع پونچی خرچ کرکے روڈ بنانے کی کوشش کی مگر پیسے کم پڑ گئے جس پر اس نے 42 ہزار ترک لیرا ( 7 ہزار امریکی ڈالر) قرض لے کر مشینری کرایہ پر لی اور 4 دن کے اندر روڈ کو بہتر بنایا۔رمضان ایک پہاڑی علاقے میں رہتا ہے جہاں اسکول دور اور سڑکیں خراب ہیں جس کے باعث وہ اپنی بیٹی کو ٹریکٹر میں روزانہ اسکول لے کر آتے جاتے ہیں۔

شہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام بچوں کو پڑھائی میں سپورٹ کرنا چاہیے اور خاص طور پر ان لڑکیوں کو جو مواقع نہ ہونے کے باعث حصول تعلیم سے محروم رہ جاتی ہیں۔رمضان کی بیٹی نے بتایا کہ میرے والد نے روڈ صرف اس لیے بنایا تاکہ میں آسانی سے اسکول پہنچ سکوں۔بچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ استاد بن کر اپنے جیسے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گی۔رمضان اور اس کی بیٹی کی کہانی ترکی میں اس وقت وائرل ہے اور شہری اس جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب مقامی گورنر نے رمضان کا حاصل کردہ قرض سرکاری خزانے سے ادا کردیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں