کم آمدن والے لوگوں کو جلد گھر فراہم کرنے کیلئے قابل عمل پلان تیارکرنے کی ہدایت ،2ہفتے میں حتمی پلان طلب

،کمیٹی تشکیل سینیٹر اورنگ زیب خان کی ملاقات ،پاکستان ہم سب کا ہے، وطن کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں، محنت کیساتھ خدمت کر رہے ہیں‘سینیٹر اورنگزیب

بدھ 23 اکتوبر 2019 18:51

کم آمدن والے لوگوں کو جلد گھر فراہم کرنے کیلئے قابل عمل پلان تیارکرنے کی ہدایت ،2ہفتے میں حتمی پلان طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا-وزیراعلیٰ کو صوبائی سیکرٹری ہائوسنگ نے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم پرہونے وا لی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی-وزیراعلیٰ نے کم آمدن والے لوگوں کو جلد ازجلد گھر فراہم کرنے کے لئے قابل عمل پلان تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ2ہفتے کے اندر قابل عمل پلان مرتب کر کے پیش کیاجائی- وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں فوری طورپرکمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی-انہوںنے کہاکہ پبلک سیکٹر بزنس ماڈل اور سوشل ہائوسنگ کے لئے مربوط پلاننگ کی جائی-کم آ مدن والے لوگوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ہائوسنگ پالیسی مرتب کی جائے گی-انہوںنے کہاکہ خط غربت سے نیچے زندگی گزارانے والوںکے لئے نجی شعبہ کے اشتراک سے گھر بنائیں گے -مخیر حضرات اور ڈونرز بھی کم آ مدن والے لوگوں کے لئے گھر کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں-وزیراعلیٰ نے کہاکہ کم آمدن والے لوگوںکے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں-صوبائی وزیر ہائوسنگ میاںمحمود الرشید، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز خزانہ، ہائوسنگ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سینیٹر اورنگ زیب خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کا ہے۔ کشمیرکی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کی سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ا فراتفری کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ملک دشمن احتجاج کی آڑ لے کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کا احترام کرتے ہیں مگر کسی کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ قانون شکنی ہوگی تو قانون حرکت میں بھی آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ ہے۔

صوبے کے عوام کیلئے بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر لمحہ فلاح عامہ کیلئے وقف ہے۔ سینیٹر اورنگ زیب خان نے اس موقع پر پنجاب کے شعبوں میں اصلاحات اور عام آدمی کیلئے شاندار اقدامات پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور انہوں نے عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر فوکس کیا ہے۔

سینیٹر اورنگ زیب خان نے مزید کہا کہ عثمان بزدار عزم، جذبے اور محنت کے ساتھ عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیو کے مرض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ محنت کے ساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے اور ہم اپنے بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لا رہے ہیں۔

پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے بھر پورآگاہی مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پنجاب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔ پاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بر وقت ویکسی نیشن کے ذریعے بچوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکتا ہے۔ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کا تسلسل معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مساجد، دینی مدارس،سکولوں اور متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن معاشرے کے تمام طبقات کومل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں