مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو اسپتال سے جیل منتقل کر دیا گیا

مریم نواز نے گذشتہ روز اسپتال میں والد نواز شریف سے ملاقات بھی کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 اکتوبر 2019 10:23

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اکتوبر 2019ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو سروسز اسپتال سے واپس جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز کو سروسز اسپتال سے ڈس چارج کر دیا گیا، جیل حکام نے مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ناساز طبیعت کے باوجود مریم نواز کی صبح پانچ بجے جیل واپسی تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل واپسی کے وقت بھی مریم نواز کی طبیعت خراب تھی، ہائی بلڈپریشراور دل کی دھڑکن نارمل نہیں تھی۔ ڈاکٹرز نے ٹیسٹس کے بعد مریم نواز کو اسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مریم نواز شریف کی طبیعت چند دن سے ناساز ہے اور ان کے طبی تجزیے کی رپورٹس ان کے بچوں اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فراہم نہیں کی جارہی تھیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز شریف کی اس انداز میں جیل واپسی پہلے سے بیمار نواز شریف کو مزید ذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز مریم نواز کو پے رول رہائی دی گئی تھی اور انہیں اپنے والد سے ایک گھنٹے کی ملاقات بھی کی تھی۔مریم نواز کو پے رول پر رہا کیا گیا تاکہ وہ سروسز ہسپتال میں زیر علاج اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کر سکیں۔ ملاقات کے بعد مریم نواز کو دوبارہ جیل منتقل کیا جانا تھا لیکن اسپتال پہنچنے پر مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو طبیعت ناساز ہونے پرلاہور کے سروسز اسپتال میں ہی داخل کیا گیا تھا۔

جہاں مریم نواز کا ڈینگی اور سی بی سی ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رابطہ کیا اور ہدایت کی تھی کہ نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات کروائی جائے۔ جس پر پنجاب حکومت نے مریم نواز کی نوازشریف سے ملاقات کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔ قبل ازیں مریم نواز کو سروسز اسپتال میں زیر علاج نواز شریف سے ملاقات کے لیے اجازت کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے محکمہ داخلہ کو درخواست بھیجی تھی جو محکمہ داخلہ کو موصو ل ہو گئی جس کے بعد مریم کو والد سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی تھی۔

مریم نوازکو خصوصی سکیورٹی کے حصار میں کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال لایا گیا تھا۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر موجود تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں