علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کی شکل میں جمہوری جدوجہد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن حاصل کیا گیا‘اعجاز چوہدری

برصغیر کے مسلمانوں کو اقبال اور قائداعظم کی قیادت میسر نہ ہوتی تو ایک الگ مملکت کی کبھی سوچ پیدا نہ ہوتی اور نہ ہی پاکستان کا حصول ممکن ہوتا

ہفتہ 9 نومبر 2019 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف مرکزی پنجاب کے صدر اعجازاحمد چوہدری نے 9 نومبر اقبال ڈے کے موقع پر اقبال اکیڈمی کے رہنماظہیر احمد میر ،چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی، رانا عبدالسمیع سمیت دیگر کے ہمراہ مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اعجاز چوہدری نے اقبال اکیڈمی کے زیر اہتمام گریٹر اقبال پارک میں منعقدہ عوامی بک فئیر میلہ میں شرکت کی اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن پوری قوم مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم ولادت پران کی تحریک پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، علامہ اقبال کی شاعری پیغام و دعوت کا ذریعے تھی ، حضرت اقبال کے خواب کی تعبیر کی شکل میں جمہوری جدوجہد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن حاصل کیا گیا،علامہ محمد اقبالؒ صرف پاکستان کے نہیںپورے عالم اسلام کے مفکر ہیں،علامہ اقبال کے بیشتر کلام کا مآخذ قرآن مجید فرقانِ حمید ہے،علامہ اقبال نے اس خطے کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کیلئے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا،حضرت اقبال مسلمانوں کے مسلمہ لیڈر تھے جو اپنی قومی اور ملی شاعری کے ذریعے انکے جذبات متحرک رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کو اقبال اور قائداعظم کی قیادت میسر نہ ہوتی تو ایک الگ مملکت کی کبھی سوچ پیدا نہ ہوتی اور نہ ہی پاکستان کا حصول ممکن ہوتا۔عالمی سطح پر ہمیں آج کل بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ان حالات میں حکیم الامت کا فلسفہ خودی ہمارا سب سے موثر ہتھیار ثابت ہوسکتا ہے،علامہ اقبال کی فکر کو فروغ دینے کے لیے محنت کرنی ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں