شہبازشریف کی گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے اوربحران کی شدید مذمت

گندم بحران اورآٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیاجائے ،قائد حزب اختلاف

ہفتہ 18 جنوری 2020 19:18

شہبازشریف کی گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے اوربحران کی شدید مذمت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے اوربحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تاریخی گندم بحران اورآٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں قوم کو اصل حقائق کے بارے میں بتایاجائے ،بتایا جائے کہ گندم کا سٹاک کہاںگیا، کیا سمگل ہوگیا، کہاں غائب ہوگیا،اس کا ذمہ دار کون ہے ،گندم اور آٹے کے بحران سے کون فائدہ اٹھارہا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور میں الحمداللہ فصلوں کی ریکارڈ پیدوار ہوئی اورگندم کا بھرپور سٹاک موجود تھا،ہمارے دور میں پاکستان گندم برآمد کررہا تھا لیکن آج ملک میں گندم اور آٹے کا بحران جاری ہے، وزیراعظم، وزیر خوراک تمام ذمہ داران غائب ہیں عوام کو ملک بھر میں سرعام لوٹا جارہا ہے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کی آنکھیں بند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا میڈیا ہر پل گندم، آٹے اور روٹی کے ستائے عوام کی دہائی دے رہا ہے، وزیراعظم نے شاید اب تک ٹی وی آن نہیں کیا عمران نیازی صاحب لاو لشکر کے بغیر عام آدمی کے طورپر بازار جائیں تاکہ آٹے دال کا بھائو معلوم ہو،وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتی غفلت، لاپرواہی اور بدانتظامی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ گندم کی قلت کا ذمہ دار کون ہے، اس کا تعین کیاگیا، گندم کی فراہمی میں کوئی گڑبڑتھی تو اس کا اب تک نوٹس کیوں نہیں لیاگیا،اگر مسئلہ گندم کی فراہمی کا ہے تو فوری گندم فراہم کرکے اس مسئلے کو حل کیوں نہیں کیاگیا ۔

عمران نیازی صاحب ٹویٹس کرنے کے بجائے گندم اور آٹے پر فوری اجلاس بلاتے، بتائیں ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں