ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ‘محمدجاوید

شاہراہوں پر بلا جواز جرمانوں، بجلی، روٹی اور پانی کی قیمتوں میں اضافے کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ‘جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

اتوار 19 جنوری 2020 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2020ء) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری کی زیر صدار ت صوبائی مجلس شوری کا اجلاس منصورہ میں منعقد ہوا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ، نائب امراء سردار ظفر حسین خان، ذکر اللہ مجاہد، محبوب الزماں بٹ،نصراللہ گورائیہ،انجینئر اخلاق احمد ، ملک شاہد اسلم و دیگر بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں مہنگائی کے حوالے سے متفقہ قرار داد منظور کی گئی ۔ جس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مسلسل پریشان کرنے اور مہنگائی میں اضافہ کی صورت میں زندگی کو مشکل بنانے کا فریضہ سرا نجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اشیائے خوردونوش کی طلب اور رسد میں مصنوعی فرق اور حکومتی نااہلیوں کی وجہ سے ضروریات زندگی کا عوام تک پہنچنے کو محال بنادیا ہے۔

جس کے نتیجے میں سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں 150سے 300فیصد تک اضافہ ہوا۔ شاہراہوں پر ٹول ٹیکس اور بے جا جرمانوں میں اضافہ نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ روزمرہ کی ذاتی اور کاروباری اخراجات میں بلاوجہ کے اضافہ کا باعث ہے۔ پٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،جس کی وجہ سے حکومت کئی گنا منافع کمارہی ہے۔ ابھی حال ہی میں آٹا کی قیمت میں اضافہ حکومت کی عوام دشمنی کی واضح مثال ہے۔

عوام کا جینا محال کیا جارہا ہے۔ غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھین کر زندگی مشکل بنادی ہے۔ شوریٰ کا یہ اجلاس حکومت کے ان عوام دشمن اقدامات کی پر زور مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ عوام کی بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ شاہراہوں پر بلا جواز جرمانوں، بجلی، روٹی اور پانی کی قیمتوں میں اضافہ عوام نے مسترد کردیا ہے اور ہم عوامی مطالبہ کی حمایت کرتے ہوئے حکومت متنبہ کرتے ہیں کہ وہ عوام کر ریلیف دیتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا فوری اعلان کرے وگرنہ عوامی رد ومل حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہالے جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں